پاکستان کو آئی سی سی کی جانب سے وارننگ دئیے جانے کی خبریں بے بنیاد ہیں‘ نجم سیٹھی

آئی سی سی کو بتا دیاہے ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ میں شرکت کے حوالے سے حکومت کو لکھے گئے خط کے جواب کے منتظر ہیں‘چیئرمین ایگزیکٹو کمیٹی

پیر 15 فروری 2016 20:28

پاکستان کو آئی سی سی کی جانب سے وارننگ دئیے جانے کی خبریں بے بنیاد ہیں‘ ..

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔15 فروری۔2016ء ) پاکستان کرکٹ بورڈکی ایگزیکٹو کمیٹی کے چیئرمین نجم سیٹھی نے آئی سی سی کی جانب سے پاکستان کو ورلڈ ٹی ٹونٹی میں شرکت کے حوالے سے وارننگ دئیے جانے کی خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ آئی سی سی نے ورلڈ ٹی ٹونٹی میں پاکستان ٹیم کی شرکت کے حوالے سے ہم سے پوچھا ہے جس کے جواب میں واضح کیا جا چکا ہے کہ عالمی ایونٹ میں پاکستان کی شرکت کے حوالے سے حکومت کو خط لکھا ہوا اور بورڈ اس کے جواب کا منتظر ہے۔

ایک برطانوی ویب سائٹ نے دعویٰ کیا تھا آئی سی سی نے اپنے بیان میں پاکستان کے بھارت میں ہونے والے ورلڈ ٹی ٹونٹی میں سکیورٹی خدشات کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے بھارت بورڈ کے سکیورٹی انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا تھا۔

(جاری ہے)

خبر میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ آئی سی سی نے وارننگ دی کہ اگر پاکستان نے بھارت میں نہ کھیلنے کی کوئی ٹھوس وجہ پیش نہ کی تو اسے سخت قانونی چارہ جوئی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

گزشتہ دنوں پی سی بی چیئرمین شہریار خان نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ اگر حکومت پاکستان سکیورٹی خدشات کے سبب ٹیم کو بھارت میں کھیلنے کی کلیئرنس نہیں دیتی تو ہم آئی سی سی سے پاکستان کے ورلڈ ٹی ٹونٹی میچز نیوٹرل مقام پر کرانے کا مطالبہ کر سکتے ہیں۔تاہم پاکستان کرکٹ بورڈ کی ایگزیکٹو کمیٹی کے چیئرمین نجم سیٹھی نے اس خبر کو یکسر رد کرتے ہوئے کہا ہے کہ آئی سی سی نے پاکستان کو کسی بھی قسم کی وارننگ جاری نہیں کی۔

نجی ٹی وی سے خصوصی گفتگو میں نجم سیٹھی نے کہا کہ ورلڈ ٹی ٹونٹی میں پاکستان ٹیم کی شرکت کے حوالے سے آئی سی سی نے ہم سے پوچھا ہے جس کے جواب میں واضح کیا جا چکا ہے کہ عالمی ایونٹ میں پاکستان کی شرکت کے حوالے سے حکومت کو خط لکھا ہوا اور بورڈ اس کے جواب کا منتظر ہے۔تاہم انہوں نے کہا کہ اس کے علاوہ کوئی بات نہیں ہوئی، نہ آئی سی سی نے ہم سے زیادہ پوچھا ہے اور نہ ہم نے کوئی رابطہ کیا۔