Live Updates

پی سی بی نے کوچنگ کا موقع دیا تو انکار نہیں کروں گا، پاکستان میں عالمی کرکٹ کا نہ ہونا افسوسناک ہے،پاکستان نے دنیا کو بہترین کھلاڑی فراہم کیے لیکن عالمی کرکٹ نہ ہونے کی وجہ سے پاکستان کے ساتھ جو کچھ ہورہا ہے وہ تکلیف دہ ہے ،ویسٹ انڈیز پاکستان کا دورہ کرنے کو تیار ہے، دنیائے کرکٹ پر جب ویسٹ انڈیز کا راج تھا اس وقت عمران خان کی قیادت میں صرف پاکستان کی ٹیم ہی مشکلات سے دوچار کرتی تھی

ویسٹ انڈیز کے سابق مایہ ناز بلے باز ویوین رچرڈ کا انٹرویو

پیر 15 فروری 2016 21:41

پی سی بی نے کوچنگ کا موقع دیا تو انکار نہیں کروں گا، پاکستان میں عالمی ..

شارجہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔15 فروری۔2016ء) ویسٹ انڈیز کے سابق مایہ ناز بلے باز ویوین رچرڈ کا کہنا ہے کہ اگر پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) نے انہیں گرین شرٹس کی کوچنگ کا موقع دیا تو وہ قلیل مدت کے لیے اپنی خدمات ضرور پیش کریں گے۔پاکستان سپرلیگ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز ٹیم کی سرپرستی کرنے والے ماضی کے لیجنڈری بلے باز سرویوین رچرڈ ان دنوں شارجہ میں موجود ہیں اور اپنی ٹیم کے کھلاڑیوں کو مفید مشورے بھی دے رہے ہیں جس کی وجہ سے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز پوائنٹس ٹیبل پر دوسرے نمبر پر ہے۔

سر ویوین رچرڈ کا کہنا ہے کہ اگر پی سی بی کی جانب سے انہیں ٹیم کی کوچنگ کا موقع دیا گیا تو وہ انکارنہیں کریں گے اور تھوڑے عرصے کے لیے پاکستان ٹیم کی کوچنگ کے لیے خدمات پیش کریں گے تاہم پاکستان کے پاس اس وقت مایہ ناز فاسٹ بولر وقار یونس موجود ہیں جو بہترین خدمات پیش کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

سرویوین رچرڈ کا کہنا تھا کہ سیکیورٹی خدشات کے باعث پاکستان میں عالمی کرکٹ کا نہ ہونا افسوسناک ہے، پاکستان نے دنیا کو بہترین کھلاڑی فراہم کیے لیکن عالمی کرکٹ نہ ہونے کی وجہ سے اس ملک کے ساتھ جو کچھ ہورہا ہے وہ تکلیف دہ ہے تاہم مجھے امید ہے کہ پاکستان کرکٹ میں بہتری آئے گی جب کہ ویسٹ انڈیز کی ٹیم پاکستان کا دورہ کرنے کے لیے تیارہے۔

ماضی کی یادروں کو کریدتے ہوئے ویوین رچرڈ کا کہنا تھا کہ دنیائے کرکٹ پر جب ویسٹ انڈیز کا راج تھا اس وقت ہمیں عمران خان کی قیادت میں صرف پاکستان کی ٹیم ہی مشکلات سے دوچار کرتی تھی جب کہ اس زمانے میں مضبوط ویسٹ انڈیز ٹیم کے خلاف 3 میچز پر مشتمل سیریز کو ڈرا کرنا بڑی بات تھی،گرین شرٹس کے پاس جاوید میانداد جیسے کھلاڑی بھی تھے جو اپنے جسم سے قومی پرچم لپیٹ لیتے تھے اور کوئی کھلاڑی اپنے جسم پران سے بہترانداز میں ملک کا پرچم نہیں لپیٹ سکتا۔واضح رہے کہ ویسٹ انڈیز کے لیجنڈری بلے باز سرویوین رچرڈ نے 121 ٹیسٹ اور47 ایک روزہ میچز میں اپنی ٹیم کی نمائندگی کی جس میں انہوں نے 50.23 کی اوسط سے رنز بنائے۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات