پاکستان کوایف 16 جنگی طیاروں کی فروخت پر بھارتی ردعمل بے بنیاد ہے

سیاسی رہنماؤں ،دفاعی تجزیہ کاروں اور ماہرین کا اظہار خیال

پیر 15 فروری 2016 22:33

اسلام آباد ۔ 15 فروری (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔15 فروری۔2016ء) پاکستان کو امریکا کی طرف سے ایف ۔16 جنگی طیاروں کی فروخت پر بھارتی ردعمل بے بنیاد ہے کیونکہ ان طیاروں کی مدد سے دہشت گردی کے خلاف جنگ جاری رکھنے میں پاک فوج کو تقویت ملے گی اور خطے میں امن قائم ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار سیاسی رہنماؤں ،دفاعی تجزیہ کاروں، سابق سفراء اور ماہرین نے ریڈیو پاکستان کے نیوز اینڈ کرنٹ افیئرز چینل کے پروگرام ”ہفتہ رفتہ“ میں کیا۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما سینیٹر عبدالقیوم نے کہا کہ پاکستان کو ایف۔ 16 طیاروں کی فراہمی پر بھارت کا ردِعمل افسوسناک ہے۔ پاکستان بھارت یاکسی اورملک کے خلاف جارحانہ عزائم نہیں رکھتا۔ یہ طیارے اپنے دفاع کیلئے ہیں اور پاکستان اپنے دفاع سے غافل نہیں ہوسکتا۔

(جاری ہے)

پاکستان کو قبائلی علاقوں میں جنگ جاری رکھنے کیلئے بھی ان طیاروں کی ضرورت ہے۔

پاکستان نے کم وسائل سے ضرب عضب شروع کیا۔ ان طیاروں کی مدد سے دہشت گردوں کے خلاف جنگ جاری رکھنے کی استعداد میں اضافہ ہوگا۔ نیوز اینڈ کرنٹ افیئرز چینل کے کنٹرولر جاوید خان جدون نے کہا کہ ایف ۔16 طیارے دہشتگردوں کے خلاف کامیاب آپریشن ضرب عضب جاری رکھنے میں پاکستان آرمی کیلئے معاون ثابت ہوں گے۔ ایف۔16 کے استعمال سے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں نقصان کو کم کرنے میں مدد ملے گی۔

پاکستان اور امریکا دہشت گردی کے خاتمے کیلئے ایک دوسرے سے تعاون کر رہے ہیں اور پاکستان کو ایف ۔16 طیاروں کی فروخت اس سلسلے میں ایک مثبت پیش رفت ہے ۔ بھارت اسلحہ درآمد کرنے والا دنیا کاسب سے بڑا ملک ہے اس لیے اس کے تحفظا ت بلاجواز ہیں ۔ دفاعی تجزیہ کار ڈاکٹر پرویز اقبال چیمہ نے کہا کہ بھارت پاکستان کے خلاف پہلی مرتبہ غیر ضروری پراپیگنڈہ نہیں کر رہا ہے بلکہ اس نے ہمشیہ پاکستان کی دفاعی صلاحیت میں اضافے پر شور مچایا ہے۔

سابق سفیر عابدہ حسین اور فوزیہ نسرین نے کہا کہ بھارت کے اعتراضات بلاجواز ہیں۔ پاکستان دہشت گردی کے خلاف کامیاب جنگ لڑ رہا ہے اور ان طیاروں کے حصول سے پاکستان کی جنگی صلاحیت میں اضافہ ہوگا اور دہشت گردوں کے خلاف آپریشن میں تقویت ملے گی۔ بھار ت پاکستان کیلئے مشکلات کھڑی کر رہا ہے۔ سینئر تجزیہ کار ظفر جسپال اور اے زیڈ ہلالی نے کہا کہ بھارت کے اعتراضات بے بنیاد ہیں۔ بھارت خوداسلحہ کا سب سے بڑا درآمد کنندہ ہے اور پاکستان کے خلاف بے بنیاد پراپیگنڈہ کر رہا ہے جبکہ یہ صرف خطے میں امن کیلئے ہے۔ یہ پاکستان کا حق ہے کہ اپنی عسکری قوت کو مضبوط کرے۔

متعلقہ عنوان :