اسلام آباد:مغوی سابق افغان گورنرفضل اللہ واحدی کا سراغ نہ مل سکا

منگل 16 فروری 2016 11:42

اسلام آباد:مغوی سابق افغان گورنرفضل اللہ واحدی کا سراغ نہ مل سکا

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔16 فروری۔2016ء) وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے پوش ایریا سے اغواء ہونیوالے سابق افغان گور نر فضل اللہ واحد ی کا تاحال کوئی سراغ نہ ملا سکا ۔اسلام آباد کے تھانہ کوہسار کے اسٹیشن ہاوٴس آفیسر (ایس ایچ او) بشیر اعوان کے مطابق پولیس کی تفتیشی ٹیم سابق افغان گورنر کی بازیابی کے لیے متحرک ہے، ہماری کوشش جاری ہے کہ جلد سے جلد اس کیس کو حل کریں لیکن سر دست اس میں کوئی بریک تھرو نہیں۔

افغانستان کے صوبوں کنڑ اور ہرات کے سابق گورنر فضل اللہ واحدی کو جمعہ 12 فروری کو مبینہ طور پر اسلام آباد سے نامعلوم افراد نے اغوا کر لیا تھا۔ فضل اللہ واحدی کے خاندان کا کہنا ہے کہ وہ اسلام آباد کے پوش سیکٹر ایف سیون میں گھر سے چہل قدمی کے لیے نکلے تھے کہ نامعلوم افراد دو گاڑیوں میں آئے اور انھیں اپنے ساتھ لے گئے۔

(جاری ہے)

اسلام آباد کے تھانہ کوہسار میں پولیس نے فضل اللہ واحدی کے اغوا کا پرچہ ان کے بھتیجے ذبیح اللہ کی مدعیت میں درج کیا تھا۔

دوسری جانب پاکستانی وزارت خارجہ سابق افغان گورنر سے متعلق کسی سوال کا جواب دینے سے گریز کر رہی ہے۔ صحافیوں کے رابطہ کرنے پر انہیں کہا جارہا ہے کہ یہ معاملہ وزارت داخلہ کے دائرہ کار میں ہے۔خیال رہے کہ سابق افغان صدر حامد کرزئی سمیت متعدد اہم افغان رہنما ماضی میں پاکستا ن میں رہائش پزیر رہے ہیں اور ان میں سے بعض کا اب بھی نجی دوروں پر پاکستان کے مختلف شہروں میں آنا جانا لگا رہتا ہے۔

متعلقہ عنوان :