ویوین رچرڈز اور اظہر محمود کی پاکستان کرکٹ ٹیم کی کوچنگ میں دلچسپی

منگل 16 فروری 2016 12:44

ویوین رچرڈز اور اظہر محمود کی پاکستان کرکٹ ٹیم کی کوچنگ میں دلچسپی

دبئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔16 فروری۔2016ء) قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ وقار یونس کا دو سالہ معاہدہ جیسے جیسے ختم ہو رہا ہے کوچنگ کے لئے نت نئے نام سامنے آرہے ہیں۔سابق پاکستانی آل راؤنڈر اظہر محمود اور ویسٹ انڈیز کے عظیم بیٹسمین ویوین رچرڈ کا کہنا ہے کہ وہ پاکستان ٹیم کی کوچنگ کے لئے تیار ہیں۔ اظہر محمود جو اسلام آباد کی جانب سے پی ایس ایل میں حصہ لے رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ میں سر ے کاؤنٹی میں بھی کھلاڑی اور کوچ ہوں اگر پاکستان کرکٹ بورڈ مجھے ٹی 20کوچ کی پیشکش کرتا ہے تو قبول کر لوں گا۔

اظہر محمود نے کہا کہ میں باہر ضرور رہتا ہوں لیکن دل پاکستان میں ہے، بیرون ملک روزی کی خاطر گیا ہوں لیکن اب بھی پاکستانی کی حیثیت سے شناخت ہے۔ادھر رچرڈز کہتے ہیں کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے انہیں گرین شرٹس کی کوچنگ کا موقع دیا، تو وہ قلیل مدت کے لیے اپنی خدمات ضرور پیش کریں گے۔

(جاری ہے)

سر ویوین رچرڈ کا کہنا ہے کہ اگر پی سی بی کی جانب سے انہیں ٹیم کی کوچنگ کا موقع دیا گیا ،تو وہ انکار نہیں کریں گے اور تھوڑے عرصے کے لیے پاکستان ٹیم کی کوچنگ کے لیے خدمات پیش کریں گے ،تاہم پاکستان کے پاس اس وقت وقار یونس موجود ہیں جو بہترین خدمات پیش کر رہے ہیں۔

سر ویوین رچرڈ کا کہنا تھا کہ سیکیورٹی خدشات کے باعث پاکستان میں عالمی کرکٹ کا نہ ہونا افسوسناک ہے، پاکستان نے دنیا کو بہترین کھلاڑی فراہم کیے، لیکن عالمی کرکٹ نہ ہونے کی وجہ سے اس ملک کے ساتھ جو کچھ ہو رہا ہے وہ تکلیف دہ ہے، تاہم مجھے امید ہے کہ پاکستان کرکٹ میں بہتری آئے گی اور ویسٹ انڈیز کی ٹیم پاکستان کا دورہ کرنے کے لیے تیار ہے۔ ۔

متعلقہ عنوان :