پاکستانی گلوکار عطاء اللہ عیسیٰ خیلوی کا سیاست میں آنے کا اعلان

منگل 16 فروری 2016 13:01

پاکستانی گلوکار عطاء اللہ عیسیٰ خیلوی کا سیاست میں آنے کا اعلان

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔16 فروری۔2016ء) چار دہائیوں تک اپنی آواز کا جادو جگانے والے عطا اللہ عیسیٰ خیلوی اب اپنے ہنر سیاست میں آزمائیں گے۔ پاکستان بھر میں مقبول گلوکار اب عمران خان کی تحریک انصاف کا حصہ بن کر نیا پاکستان بنائیں گے۔ انٹرا پارٹی الیکشن میں میانوالی کے ضلعی صدر کے لئے امیدوار بنیں گے۔تفصیلات کے مطابق سرائیکی میں گائیکی سے شہرت پانے والے عطاء اللہ کے چاہنے والے خیبر سے کراچی تک پھیلے ہیں۔

(جاری ہے)

انیس سو بہتر میں ریڈیو پاکستان سے کیریئر کا آغاز کرنے والے عیسیٰ خیلوی کو اپنے گانے ”مندری دا تھیوا“ سے شہرت ملی۔ عیسیٰ خیلوی نے اردو، سرائیکی اور پنجابی میں چالیس ہزار سے زائد گانے گائے۔سب سے زیادہ البمز ریلیز کرنے پر گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں اپنا نام بھی درج کرایا۔ پھر تحریک انصاف کا حصہ بنے اور نئے پاکستان کے گن گانے لگے۔ عطاء اللہ خان نیازی نے اب تحریک انصاف کے ضلعی صدر کا انتخاب لڑنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ان کے اس اعلان نے تحریک انصاف کے کارکنوں اور عیسیٰ خیلوی کے پرستاروں میں خوشی کی لہر دوڑا دی ہے۔