پاکستان ٹیم کی کوچنگ کے لئے تیار ہیں ، ویوین رچرڈ اور اظہر محمود کی خواہش

منگل 16 فروری 2016 13:22

پاکستان ٹیم کی کوچنگ کے لئے تیار ہیں ، ویوین رچرڈ اور اظہر محمود کی ..

دبئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔16 فروری۔2016ء) سابق پاکستانی آل راؤنڈر اظہر محمود اور ویسٹ انڈیز کے عظیم بیٹسمین ویوین رچرڈ نے کہاہے کہ وہ پاکستان ٹیم کی کوچنگ کے لئے تیار ہیں۔ ایک انٹرویو میں اظہر محمود نے کہا کہ میں سر ے کاؤنٹی میں بھی کھلاڑی اور کوچ ہوں اگر پاکستان کرکٹ بورڈ مجھے ٹی 20کوچ کی پیشکش کرتا ہے تو قبول کر لوں گا۔

اظہر محمود نے کہا کہ میں باہر ضرور رہتا ہوں تاہم دل پاکستان میں ہے، بیرون ملک روزی کی خاطر گیا ہوں لیکن اب بھی پاکستانی کی حیثیت سے شناخت ہے۔ادھر رچرڈز نے کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے انہیں گرین شرٹس کی کوچنگ کا موقع دیا، تو وہ قلیل مدت کے لیے اپنی خدمات ضرور پیش کریں گے۔ سر ویوین رچرڈ نے کہاکہ اگر پی سی بی کی جانب سے انہیں ٹیم کی کوچنگ کا موقع دیا گیا ،تو وہ انکار نہیں کریں گے اور تھوڑے عرصے کے لیے پاکستان ٹیم کی کوچنگ کے لیے خدمات پیش کریں گے ،تاہم پاکستان کے پاس اس وقت وقار یونس موجود ہیں جو بہترین خدمات پیش کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

سر ویوین رچرڈ کے مطابق سیکیورٹی خدشات کے باعث پاکستان میں عالمی کرکٹ کا نہ ہونا افسوسناک ہے، پاکستان نے دنیا کو بہترین کھلاڑی فراہم کیے تاہم عالمی کرکٹ نہ ہونے کی وجہ سے اس ملک کے ساتھ جو کچھ ہو رہا ہے وہ تکلیف دہ ہے، تاہم مجھے امید ہے پاکستان کرکٹ میں بہتری آئیگی اور ویسٹ انڈیز کی ٹیم پاکستان کا دورہ کرنے کیلئے تیار ہے ۔

متعلقہ عنوان :