اسلام آباد : ملک کو ’میرا سلطان‘ ڈرامے کی طرح چلایا جا رہا ہے لیکن یہ کسی کے باپ کی جاگیر نہیں ۔ ایم کیو ایم رہنما فاروق ستار کا قومی اسمبلی میں اظہار خیال

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین منگل 16 فروری 2016 16:41

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 16 فروری 2016ء) : قومی اسمبلی میں اراکین اسمبلی کی جانب سے دلچسپ گفتگو یا مثالیں دینا تو عام ہے لیکن آج کے قومی اسمبلی کے اجلاس میں ایم کیو ایم رہنما فاروق ستار نے تُرکی کے المشہور ڈرامہ سیریل ”میرا سلطان“ کی مثال دے دی۔ تفصیلات کے مطابق اسپیکر ایاز صادق کی زیر صدارت قومی اسمبلی کا اجلاس ہوا جس میں اظہارٍ خیال کرتے ہوئے ایم کیو ایم کے رکن قومی اسمبلی فاروق ستار نے کہا کہ پاکستان کو ”میرا سلطان“ ڈرامے کی طرح چلایا جا رہا ہے۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ یہ ملک کسی کے باپ کی جاگیر نہیں بلکہ 18 کروڑ عوام کا ملک ہے۔ فاروق ستار کا کہنا تھا کہ ملک کو میرا سلطان کی طرح چلایا جا رہا ہے جس میں ایک ریاست سمبل آغا کی ہے ، ایک ماہ دوراں کی اور ایک حورم سلطان کی ہے ، فاروق ستار نے مزید کہا کہ حکومتی پالیساں محض امراء کو نوازنے کے لئے تشکیل دی گئی ہیں ، اس سے غریب عوام کو کوئی فائدہ نہیں پہنچ رہا، فاروق ستار نے ایوان میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں پر بات کرتے ہوئے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں محض 5 فیصد کم کی گئیں ، انہوں نے مطالبہ کیا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حکومت کو 20 سے 25 فیصد کمی کرنی چاہئیے ۔