ہم نے کبھی بھی مذاکرات سے انکار نہیں کیا ،طاقت کا استعمال کسی بھی مسئلے کا حل نہیں براہمداغ بگٹی

منگل 16 فروری 2016 16:45

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔16 فروری۔2016ء) بلوچ قوم پرست رہنما براہمداخ بگٹی نے کہا ہے کہ ہم نے کبھی بھی مذاکرات سے انکار نہیں کیا ،طاقت کا استعمال کسی بھی مسئلے کا حل نہیں، ہر مسئلے کا حل بات چیت سے ہی نکالا جا سکتا ہے ، بلوچ قوم پرستوں کے ہتھیار ڈالنے کی خبریں بے بنیاد اور قوم کو بے وقوف بنانے کے مترداف ہیں ،بلوچستان کی سیاسی قیادت بے بس ہے ان کے اختیار میں کچھ نہیں ، پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے کا اصل فائدہ پنجاب کو ہی ہو گا ۔

ایک انٹرویو میں براہمداخ بگٹی نے کہا کہ ہم سیاسی لوگ ہیں اور چاہتے ہیں کہ مسئلے کا حل بات چیت سے نکالا جائے ہم نے کبھی بات چیت سے انکار نہیں کیا ۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر عبدالمالک مجھ سے ملنے آئے تھے اورانہوں نے کہا کہ تھا کہ وہ آرمی چیف جنرل راحیل شریف سے بات کرینگے وہ واپس چلے گئے اور اس کے بعد انہوں نے کوئی رابطہ نہیں کیا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہمیں پاکستان آنے کا کوئی شوق ہے اور نہ ہی ہمار ا کوئی ارادہ ہے ۔

بلوچستان میں حکومت سلیکٹ ہوتی ہے الیکٹ نہیں ہوتی ۔یہاں کی سیاسی قیادت بے بس ہے اور ان کے ہاتھ میں اختیارات نہیں ہیں ۔ براہمداخ بگٹی نے کہا کہ کسی بلوچ قوم پرست نے ہتھیار نہیں ڈالے یہ صرف عوام کو دھوکا دیا جا رہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ہمارے لئے کیا اچھا ہے اور کیا برا ہے ، اس کا فیصلہ ہمیں خود کرنے دیا جائے ۔ پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے کا بھی اصل فائدہ پنجاب کو ہی ہو گا ۔