نیب کے جاگنے پر کئی سیاستدانوں کی سیاست سو جائے گی ، شیخ رشید احمد

نواز حکومت نیب کی راہ میں رکاوٹ بنی ہوئی ہے ، نیب کیخلاف نواز شریف اور آصف زرداری کا اتحاد ہوچکا ہے، وزیراعظم کے بیان پر ردعمل

منگل 16 فروری 2016 17:55

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔16 فروری۔2016ء) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ نیب کے جاگنے پر کئی سیاستدانوں کی سیاست سو جائے گی ، نواز حکومت نیب کی کارروائیوں میں رکاوٹ بنی ہوئی ہے ، نیب کے خلاف نواز شریف اور آصف علی زرداری کا اتحاد ہوچکا ہے ۔

(جاری ہے)

ان خیالات کااظہار منگل کے روز وزیراعظم کے نیب کے متعلق بیان پر اپنا ردعمل دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نواز شریف کی حکومت پنجاب میں نیب اور رینجرز کی راہ میں رکاوٹ بنی ہوئی ہے پنجاب کے کئی علاقوں میں رینجرز کی کارروائیاں شروع ہوچکی ہیں انہوں نے کہا کہ نیب پنجاب میں سو رہا ہے جب نیب پنجاب میں جاگ گیا تو کئی نامور سیاستدانوں کی سیاست سو جائے گی شیخ رشید کا مزید کہنا تھا کہ نواز شریف کی اپنے ادارے کے متعلق بلاجواز باتوں سے ظاہر ہوتا ہے کہ سب چور نیب اور رینجرز کیخلاف اکٹھے ہوچکے ہیں نواز شریف اور آصف علی زرداری نیب کیخلاف ایک پیج پر اکٹھے ہوگئے ہیں نیب نے جب کارروائیاں شروع کی تو نواز شریف اور میٹروز بنانے والے گرفتار ہونگے کیونکہ نواز شریف کیخلاف نیب کے پاس تین کیس زیر سماعت ہیں