امریکہ کی جانب سے پاکستان کو ایف 16 طیاروں کی فروخت پربھارتی واویلابے بنیاد ہے،بھارت خود امریکہ، روس اوردیگر ممالک سے بڑے ہتھیارخرید رہاہے ، پاکستان کی جانب سے ایف سولہ طیاروں کی خریداری پر اس کا اعتراض افسوسناک ہے ، مشیر خارجہ سرتاج عز یز کا انٹرویو

منگل 16 فروری 2016 18:44

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔16 فروری۔2016ء) مشیر خارجہ سرتاج عز یز نے کہاہے پاکستان کو آٹھ ایف سولہ طیاروں کی فروخت کے سلسلے میں بھارت کے اعتراض پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اس واویلے کو بے بنیاد قرار دیاہے اور کہاہے کہ بھارت خود امریکہ، روس اوردیگر ممالک سے بڑے ہتھیاروں کے معاہدے کررہا ہے تاہم وہ پاکستان کے ایف سولہ طیاروں کی خریداری کے اقدام پر واویلا کررہا ہے جو افسوسناک ہے، امریکہ کا واضح موقف ہے کہ پاکستان کو یہ طیارے دہشتگردی کے خلاف جنگ کیلئے دیئے جارہے ہیں ، علاقائی امن کیلئے جنوبی ایشیاء میں تزویراتی توازن انتہائی اہمیت کا حامل ہے جبکہ خارجہ امور کے ماہرین اور دفاعی تجزیہ کاروں نے کہا ہے کہ امریکہ سے ایف سولہ طیاروں کی خریداری سے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی صلاحیت میں اضافہ ہوگا جس سے ملک اور خطے میں قیام امن کی راہ ہموار ہوگی۔

(جاری ہے)

ان طیاروں کی خریداری پر بھارتی اعتراضات انتہائی لغو اور بے معنی ہیں کیونکہ بھارت خود دنیا کا سب سے بڑا اسلحہ درآمد کرنے والا ملک ہے۔ منگل کو نشریاتی رابطے کو دیئے گئے ایک انٹرویو میں خارجہ امور کے مشیر سرتاج عزیز نے کہا کہ بھارت امریکہ ، روس اور دیگر ممالک سے اسلحہ درآمد کر رہا ہے اور جب پاکستان ایف سولہ طیارے خریدے تو اس پر بھارت بے بنیاد اعتراضات کرتا ہے۔

یہ اچھی روایت نہیں ہو گی اگر پاکستان بھی اسی طرح مختلف ممالک سے بھارت کو اسلحے کی فراہمی پر واویلا کرے۔امریکہ نے بھی واضح کر دیا ہے کہ پاکستان کو فروخت کئے جانے والے طیارے دہشت گردی کے خاتمے میں مددگار ہوں گے۔ پاکستان امریکہ ڈیموکریٹک فورم کے چیئرمین ڈاکٹر اشرف طور نے کہا کہ بھارت کو پاکستان کے خلاف ہرزہ رسائی نہیں کرنی چاہیے کیونکہ پاکستان کی فوج دنیا کی بہترین فوج ہے اور کسی بھی جارحیت کا موئثر طریقہ سے جواب دینے کی صلاحیت رکھتی ہے۔

دفاعی تجزیہ کار ایئر مارشل (ر) شاہد لطیف اور لیفٹیننٹ جنرل (ر) مسعود نے کہا کہ بھارت ان ہتھکنڈوں سے پاکستان پر دباؤ ڈالنا چاہتا ہے۔ پاکستان نے جب بھی کوئی معاہدہ کیا بھارت نے اس کے خلاف آواز اٹھائی ۔ پاکستان نے یہ طیارے دہشت گردی کے خاتمے کیلئے خریدے ہیں ۔یہ کسی بھی ملک کے خلاف نہیں۔ضرب غضب میں بہت حد تک دہشتگردوں کا صفایا کر دیا ہے اور یہ امریکہ کے مفاد میں بھی ہے کہ وہ پاکستان کی دفاعی قوت مضبوط کرنے کیلئے تعاون کرے۔

سینئر تجزیہ کار ڈاکٹر حسن عسکری رضوی اور ڈاکٹر ہمابقائی نے کہا کہ بھارت کے اعتراضات بے بنیاد ہیں۔ بھارت خود اسلحہ درآمد کرنے میں دنیاکا سب سے بڑا ملک ہے ۔ موجودہ بھارتی حکومت پاکستان مخالف ایجنڈے پر کام کر رہی ہے ایک طرف بھارت پاکستان کے ساتھ تعلقات کو بہتر بنانے کا دعوٰی کر رہا ہے دوسری طرف پاکستان کو دہشت گرد ریاست قرار دلانا چاہتا ہے۔ ایف 16 جیٹ طیاروں کی خریداری دہشت گردوں کے خلاف جاری جنگ میں پاکستان کی صلاحیت کو مضبوط کریں گی۔

متعلقہ عنوان :