پاکستان سپر لیگ ، کوئٹہ گلیڈی ایٹر ز نے سنسنی خیز مقابلے میں لاہور قلندرزکو 2وکٹوں سے ہرا دیا

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب بدھ 17 فروری 2016 00:49

پاکستان سپر لیگ ، کوئٹہ گلیڈی ایٹر ز نے سنسنی خیز مقابلے میں لاہور قلندرزکو ..

دبئی(اردو پوا ئنٹ تازہ ترین اخبار16فروری- 2016ء) پاکستان سپر لیگ(پی ایس ایل ) کے 18ویں میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے سنسنی خیز مقابلے میں لاہور قلندرز کو 2وکٹوں سے ہرا دیا ۔ تفصیلات کے مطابق دبئی میں جاری میچ میں لاہور قلندرز نے بیٹنگ کی دعوت ملنے پر بلے بازی شروع کی تو کرس گیل بالآخر جوبن پر نظر آئے اور لاہور کو 10اوور ز میں 108رنز کا آغاز فراہم کیا ، گیل 34گیندوں پر 60رنز بنا کر آؤٹ ہوئے ۔

اظہر نے عمر اکمل کے ہمراہ دوسری وکٹ کے لیے 34رنز جوڑے ، اظہر علی اپنے ٹونٹی ٹونٹی کیریئر کی تیسری نصف سنچری مکمل کرنے کے بعد 61رنز بنا کر آؤٹ ہوئے ۔ کپتان کے آؤٹ ہونے کے بعد عمر اکمل نے کوئٹہ کے باؤلرز پر چڑھائی کرتے ہوئے لاہورکا سکور مقررہ 20اوورز کے اختتام پر 201رنز تک پہنچا دیا ۔

(جاری ہے)

عمر اکمل 55جبکہ ڈوین براوو 20رنز کیساتھ ناٹ آؤٹ رہے ۔

کوئٹہ کی جانب سے ذوالفقار بابر اور ایلیٹ نے 1،1کھلاڑی آؤٹ کیا ۔ 202رنز کے تعاقب میں کوئٹہ نے احمد شہزاد کو تو جلدی کھو دیا تاہم اپنا پہلا میچ کھیلنے والے بسم اللہ خان نے کیون پیٹرسن کیساتھ ملکر دوسری وکٹ کے لیے 39گیندوں پر 73رنز کی پارٹنر شپ قائم کرکے میچ پر کوئٹہ کی گرفت مضبوط کردی ۔ اس موقع پر ڈوین برا وو پیٹرسن (34) اور بسم اللہ خان (55) کو مسلسل دو گیندوں میں آؤٹ کرکے لاہور کو میچ میں واپس لائے ۔

کوئٹہ کے کپتان سرفراز احمد نے کمار سنگاکارا کیساتھ ملکر 40گیندوں پر 61رنز کی شراکت داری قائم کی جس کے بعد سرفراز 21رنز بنا کر احسان عادل کی گیند پر بولڈ ہوگئے ،اسی اوور کی آخری گیند پر احسان عادل نے سنگاکارا کو بولڈ کرکے میچ ایک بار پھر دلچسپ بنا دیا ۔گرانٹ ایلیٹ 3اور محمد نواز بغیر کوئی رن بنائے پوویلین لوٹے جبکہ انور علی بھی محض 6رنز بنا سکے ۔

کوئٹہ کو آخری اوور میں جیت کے لیے 15رنز درکار تھے ،نبی نے ایک چوکا اور ایک چھکا لگا کر میچ دلچسپ بنایا جس کے بعد آخری گیند پر کوئٹہ کو 3رنز درکار تھے اور محمد نبی نے چوکا لگا کر کوئٹہ کو کامیابی دلا دی ۔ ٹونٹی ٹونٹی کرکٹ میں کسی ٹیم کی جانب سے 200سے زیادہ رنز کے ہدف کا یہ دوسرا کامیاب تعاقب ہے ، اس سے قبل انڈین پریمیئر لیگ 2014ء میں کنگز الیون پنجاب نے چنائی سپر کنگز کیخلاف ابوظہبی کے مقام پر 206رنز کے ہدف کا کامیاب تعاقب کیا تھا ۔ آج کے میچ میں ناکامی کے ساتھ لاہور قلندرز کے پلے آف مقابلوں میں پہنچنے کا دارومدار کل کراچی کے میچ پر ہوگیا ہے ،ا گر کراچی کنگز اپنا میچ جیتنے میں کامیاب ہوگیا تو وہ پلے آف میں پہنچنے والی چوتھی ٹیم بن جائے گی ۔

متعلقہ عنوان :