خواجہ احمد حسان کی نا اہلی کے لئے دائر درخواست پر رجسٹرار آفس کا اعتراض برقرار ، درخواست مستر د کر دی گئی

بدھ 17 فروری 2016 11:35

خواجہ احمد حسان کی نا اہلی کے لئے دائر درخواست پر رجسٹرار آفس کا اعتراض ..

لاہور۔17 فروری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔17 فروری۔2016ء) لاہور ہائیکورٹ کے مسٹر جسٹس خالد محمود خان نے مسلم لیگ ن کی طرف سے لاہور کے ممکنہ میئر اور یونین کونسل 107 سے چیئرمین خواجہ احمد حسان کی نا اہلی کے لئے دائر درخواست پر رجسٹرار آفس کا اعتراض برقرار رکھتے ہوئے مستر د کر دی ۔ لاہور ہائیکورٹ رجسٹرار آفس نے اعتراض لگایا تھا کہ درخواست کے ہمراہ الیکشن کمیشن کے نو ٹیفکیشن کی کاپی نہیں ہے ۔

دوران سماعت درخواست گزار تحریک انصاف کے رہنما زبیر خان نیازی کے وکیل شیراز ذکاء نے موقف اختیار کیا کہ رجسٹرار آفس نے خواجہ احمد حسان کی درخواست مسترد کر دی تھی۔اب الیکشن کمیشن کے افسر نو ٹیفکیشن کی کاپی دینے کے عوض پیسے مانگتے ہیں۔ جس پر عدالت نے درخواست گزار کے وکیل سے کہا کہ سرکاری افسروں پر پیسے مانگنے کا الزام لگانا اب روایت بن چکا ہے۔

(جاری ہے)

عدالتی سماعت کے دوران درخواست گزار کے وکیل شیراز ذکاء ایڈووکیٹ نے موقف اختیار کیا تھا کہ ہائیکورٹ نے ان کی پہلی درخواست یہ کہتے ہوئے نمٹا دی تھی کہ ابھی خواجہ احمد حسان کی کامیابی کا نوٹیفکیشن ہی جاری نہیں ہوا تاہم اب الیکشن کمیشن نے خواجہ احمد حسان کی یوسی 107 سے کامیابی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے، درخواست میں کہا گیا ہے کہ پنجاب لوکل گورنمنٹ ایکٹ کی دفعہ27 کے تحت کوئی بھی سرکاری افسر یا سرکاری عہدے پر رہنے والا شخص ریٹائرمنٹ یا استعفیٰ کے دو سال تک بلدیاتی الیکشن میں حصہ نہیں لے سکتا لیکن خواجہ احمد حسان لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی سمیت مختلف سرکاری اداروں میں بڑے عہدوں پر فائض رہے اور تمام مراعات لیتے رہے ۔

انہوں نے بلدیاتی الیکشن میں حصہ بھی لیا ،درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ خواجہ احمد حسان کو نااہل قرار دیا جائے۔ عدالت نے درخواست گزار کے دلائل سُننے کے بعد رجسٹرار آفس کی طرف سے درخواست کے ہمراہ خواجہ احمد حسان کی کامیابی کا نوٹیفکیشن ساتھ نہ ہونے کا اعتراض برقرار رکھتے ہوئے دائر درخواست مستر د کر دی۔

متعلقہ عنوان :