وزیراعظم عوام کا حصہ ہیں، عوام کی آواز کو بلند کرنا بھی ان کی ذمہ داری ہے

پیپلز پارٹی اور کراچی کے معاملات کو لاہور کے ساتھ جوڑنا انصاف کے تقاضوں کے منافی ہے مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما طلال چوہدری کی پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے بات چیت

بدھ 17 فروری 2016 19:45

اسلام آباد ۔ 17 فروری (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔17 فروری۔2016ء) مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما طلال احمد چوہدری نے کہا ہے کہ وزیراعظم عوام کا حصہ ہیں، اس لئے عوام کی آواز کو بلند کرنا بھی ان کی ذمہ داری ہے، نیب بیس بیس سال سے التواء کے شکار کیسز کو ہاتھ نہیں لگا رہا مگر بعض شریف لوگوں کو تنگ کیا جا رہا ہے۔

(جاری ہے)

طلال چوہدری نے بدھ کو پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی اور کراچی کے معاملات کو لاہور کے ساتھ جوڑنا انصاف کے تقاضوں کے منافی ہے کیونکہ کچھ لوگ خود ملزم ہیں اور ان کیخلاف انکوائریاں ہو رہی ہیں، پیپلز پارٹی کے دور میں حاجیوں کی جیبیں کاٹی گئیں۔

طلال چوہدری نے ایک اور سوال پر کہا کہ نندی پور سمیت ہر پراجیکٹ کے بارے میں جوابداہی کیلئے تیار ہیں، کسی بھی منصوبے کی انکوائری ہو گی تو سامنا کرینگے۔ انہوں نے کہا کہ صرف اس لئے کیچڑ نہ اچھالا جائے کہ ترقیاتی منصوبے صرف (ن) لیگ کی حکومت نے شروع کئے ہیں۔ ترقیاتی ایجنڈا ہو گا تو سرمایہ کاری ہو گی، غیر ملکی کمپنیاں آئیں گی، نوجوانوں کیلئے روزگار ملے گا۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پنجاب اور وفاقی حکومت کیخلاف گزشتہ کسی بھی دور میں کوئی ریفرنس نہیں۔