پاکستان سپر لیگ ،پشاور زلمی نے کراچی کنگز کو 5وکٹوں سے ہرا دیا ،لاہور کو ایک اور موقع مل گیا

بدھ 17 فروری 2016 19:51

پاکستان سپر لیگ ،پشاور زلمی نے کراچی کنگز کو 5وکٹوں سے ہرا دیا ،لاہور ..

دبئی(اردو پوا ئنٹ تازہ ترین اخبار17فروری- 2016ء) پاکستان سپر لیگ کے 19ویں میچ میں پشاور زلمی نے کراچی کنگز کو 5وکٹوں سے مات دے دی ہے۔ دبئی میں جاری مقابلے میں کراچی کنگز کے کپتان شعیب ملک نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا ،کراچی کے اوپنرز نے ٹیم کو 41رنز کا آغاز فراہم کیا جس کے بعد شاہ زیب حسن 18رنز بنا کر آؤٹ ہوئے ۔رکی ویسلز بھی کچھ زیادہ نہ کر پائے اور 3رنز بنا کر میدان بدر ہوئے ۔

کپتان شعیب ملک 15رنز بنا سکے جبکہ لینڈل سمنز نصف سنچری سے 1رن کے فاصلے پر ہمت ہار گئے ۔ شکیب الحسن تیز کھیلنے کی کوشش میں 11رنز بناکر سیمی کا شکار بنے ،بوپارہ بھی آج اپنا جادو نہ جگا سکے اور 23رنز کی اننگز کھیلنے کے بعد عمران خان کی گیند پر انہی کے ہاتھوں جکڑے گئے ۔ بلاول بھٹی نے 19ویں اوور میں 2چھکے لگائے تاہم سہیل خان بھی جلد انکا ساتھ چھوڑ گئے ۔

(جاری ہے)

کراچی نے مقررہ 20اوورز میں 7وکٹیں کھو کر 152رنز سکور کیے ۔ پشاور کی جانب سے عامر یامین ،حسن علی،عمران ، شاہد آفریدی اور سیمی نے 1،1شکار کیا ۔ 153رنز کے تعاقب میں پشاور 69رنز پر 4وکٹیں کھو کر مشکلات کا شکار تھی تاہم کامران اکمل اور بریڈ ہوج 5ویں وکٹ کے لیے 52رنز جوڑ کر پشاور کو میچ میں واپس لائے ،کامران 31رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جس کے بعد ڈیرن سیمی نے بریڈ ہوج کیساتھ ملکر 37رنز کی شراکت داری قائم کرنے کیساتھ ساتھ پشاور کو 5وکٹوں سے فتح دلا دی ۔

پشاور کے لیے بریڈ ہوج نے 45گیندوں پر 6چوکوں اور 6چھکوں کی مدد سے 85رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی ،سیمی 11رنز کیساتھ ناٹ آؤٹ رہے ۔ کراچی کی جانب سے بلاول بھٹی نے 2جبکہ عامر اور اسامہ میر نے 1،1کھلاڑی آؤٹ کیا ۔ پشاور کی کامیابی کیساتھ ہی کراچی کنگز کے پلے آف کھیلنے کا دارومدار اب لاہور قلندرز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے مابین شیڈول میچ پر ہوگیا ہے ۔ اگر لاہور اسلام آباد کو شکست دینے میں کامیاب رہی تو وہ پلے آف کیلئے کوالیفائی کرلے گی تاہم ناکامی کی صورت میں کراچی پلے آف کھیلے گی ۔

متعلقہ عنوان :