اسلام آباد ،مقامی عدالت نے پارلیمنٹ ہاؤس حملہ منصوبہ کیس میں فورسز کے ریٹائرڈ آفیسر کی درخواست ضمانت منظور کر لی

بدھ 17 فروری 2016 22:18

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔17 فروری۔2016ء ) ایڈیشنل سیشن جج ایسٹ راجہ خرم علی خان نے پارلیمنٹ ہاؤس حملہ منصوبہ کیس میں فورسز کے ریٹائرڈ آفیسر کی بعدازگرفتاری درخواست ضمانت دو لاکھ روپے مچلکے کے عوض منظور کر لی ۔

(جاری ہے)

بدھ کو فاضل عدالت میں پارلیمنٹ ہاؤس منصوبہ حملہ کیس میں ملوث ملزم کرنل(ر)تصدق بشیر کی درخواست ضمانت کی سماعت کی تو ملزم کے وکیل نے عدالت میں دلائل دئیے کہ میرا موکل فورسز کا ریٹائرڈ آفیسر ہے وہ ملک دشمن عناصر سرگرمیوں میں ملوث نہیں ،پارلیمنٹ حملہ منصوبہ کیس میں جو ملزمان گرفتار ہو چکے تھے انھوں نے بھی میرے موکل کے خلاف کوئی بیان نہیں دیا اور نہ ہی پولیس کے صفحہ مثل میں میرے موکل کے خلاف کوئی ٹھوس ثبوت موجود ہے ،عدالت نے دلائل سننے کے بعد فورسز کے ریٹائرڈ آفیسر کرنل تصدق بشیر کی درخواست ضمانت دو لاکھ روپے مچلکوں کے عوض منظور کر لی ہے ،کرنل ریٹائرڈ تصدق بشیر پر دوہزار گیارہ میں پارلیمنٹ پر حملے کی منصوبہ سازی کا الزام ہے ، آٹھ اکتوبر دوہزار گیارہ کو شہزاد ٹاون کے علاقے سے پندرہ میزائل ، نو ہینڈ گرینڈ اور دو خودکش جیکٹیں برآمد ہوئیں تھیں جس پر پولیس نے مقدمہ درج کیا تھا ۔