وزیراعلی سندھ سے کورکمانڈر کراچی لیفٹیننٹ جنرل نوید مختار کی ملاقات،صوبے میں امن وامان کی صورتحال سمیت دیگر اہم امور پرتبادلہ خیال، سندھ حکومت نیشنل ایکشن پلان پر من وعن عمل درآمد کرانے کیلئے بھرپوراقدامات کررہی ہے ،آخری دہشتگرد کے خاتمے تک آپریشن جاری رہے گا،وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ

بدھ 17 فروری 2016 23:37

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 17فروری۔2016ء) وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے کہا ہے کہ سندھ حکومت نیشنل ایکشن پلان پر من وعن عمل درآمد کرانے کیلئے بھرپور طریقے سے کوشان ہے اورآخری دہشتگرد کے خاتمے تک ان کے خلاف آپریشن جاری رہے گا، جس میں سندھ پولیس، رینجرز اور انٹیلیجنس ایجنسیوں کا کردار قابل تعریف ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو کورکمانڈر کراچی لیفٹیننٹ جنرل نوید مختار سے ملاقات کے دوران کیا۔

جنہوں نے وزیراعلیٰ ہاؤس میں وزیراعلیٰ سندھ سے ملاقات کی۔ملاقات کے دوران صوبے میں امن امان،دہشتگردوں کے خلاف آپریشن،ملٹری کورٹس کو بھیجے گئے کیسز اور انکی پروگریس،دیگر کیسز بھیجنے اور صفوران سانحے میں ملوث دہشتگردوں کی گرفتاری سمیت دیگر معاملات پر گفتگو کی گئی۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ سندھ حکومت نے ایپیکس کمیٹی کے 13اجلاس منعقد کئے جن میں بہت ہی اہم فیصلے کئے گئے اور ان فیصلوں پر عملدرآمد کو سرکاری سطح پر مانیٹر کیا جا رہا ہے۔

ملاقات کے دوران پراسیکیوشن کے معاملات بھی زیر غورآئے اور وزیراعلیٰ سندھ نے کورکمانڈر کو بتایا کہ نئے پراسیکیوٹرس کی تقرریاں مختلف مراحل میں ہیں،انسداد دہشتگردی کی دس نئی عدالتوں کے قیام اور نئے پراسیکیوٹر کی تقرری کے بعد تعطل کا شکار کیسوں میں کمی ہوگی اور مقدمات وقت کے اند ر مکمل ہوں گے،وزیراعلیٰ سندھ نے حیدرآباد سینٹرل جیل توڑنے کی سازش ناکام کرنے میں انٹیلیجنس ایجنسیوں اور پاکستان آرمی کی کوششوں کی تعریف کی۔