Live Updates

مہمند ایجنسی ، دہشت گردوں کی فائرنگ سے 9 خاصہ دار اہلکار شہیدہوگئے

شہدا کے جسد خاکی تحویل میں لے کر دہشت گردوں کی تلاش کے لئے سرچ آپریشن شروع ،کئی مشتبہ افراد زیرحراست صدرمملکت ،وزیراعظم ، عمران خان ،وزیر اعلی خیبرپختونخوا سمیت سیاسی وسماجی رہنماوٴں کا دہشت گردوں کی فائرنگ سے شہید ہونیوالوں اہلکاروں کے لواحقین سے گہرے دکھ اور افسوس کااظہار

جمعرات 18 فروری 2016 11:12

مہمند ایجنسی/پشاور/اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔18 فروری۔2016ء ) مہمند ایجنسی میں دو مختلف مقامات پر دہشت گردوں کی فائرنگ سے خاصہ دار فورس کے 9 اہلکار شہید ہو گئے،شہدا کے جسد خاکی تحویل میں لے کر دہشت گردوں کی تلاش کے لئے سرچ آپریشن شروع کردیا گیا، سکیورٹی فورسز کی جانب سے بڑے پیمانے پر سرچ آپریشن میں کئی مشتبہ افراد کو حراست میں لیا گیا،صدرمملکت ممنون حسین ،وزیراعظم میاں نوازشریف ،تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان ،وزیر اعلی خیبرپختونخواپرویز خٹک سمیت سیاسی وسماجی رہنماوٴں نے دہشت گردوں کی فائرنگ سے شہید ہونیوالوں اہلکاروں کے لواحقین سے گہرے دکھ اور افسوس کااظہار کیا ۔

پولیٹکل انتظامیہ کے سرکاری اہلکار نے برطانوی نشریاتی ادارے کو بتایا کہ فائرنگ کے دونوں واقعات مہمند ایجنسی کی تحصلیوں یکہ غنڈ اور پنڈیالی میں پیش آئے۔

(جاری ہے)

پہلا واقعہ اس وقت پیش آیا جب شمسی توانائی سے چلنے والے ٹیوب ویل پر تعینات خاصہ دار فورس کے دو اہلکاروں پر مسلح افراد کی طرف سے فائرنگ کی گئی جس میں دونوں اہلکار شہید ہوگئے ۔ فائرنگ کا دوسرا واقعہ یکہ غنڈ سب ڈویژن کے علاقے کڑپہ میں ہوا جب مسلح افراد نے خاصہ دار فورس کی چیک پوسٹ پر اندھا دھند فائرنگ کردی جس سے وہاں ڈیوٹی پر موجود سات اہلکار شہید ہو گئے۔

شہدا کے جسدخاکی ایجنسی ہیڈ کواٹر ہسپتال منتقل کر دئیے گئے ۔ حملوں کے بعد علاقے میں سکیورٹی فورسز کی جانب سے بڑے پیمانے پر سرچ آپریشن کا آغاز کیا گیا ہے اور کئی مشتبہ افراد کو حراست میں لیا گیا ہے۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات