گندم کی فصل کو نقصان رساں کیڑوں اور سنڈیوں کے حملہ سے محفوظ بنا کر فی ایکڑ پیداوار میں اضافہ کیا جاسکتا ہے ، محکمہ زراعت

جمعرات 18 فروری 2016 15:28

راولپنڈی/ اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔18 فروری۔2016ء) محکمہ زراعت پنجاب راولپنڈی کے ترجمان نے گندم کے کاشتکاروں کو ہدیت کی ہے کہ وہ گندم کی فصل کو نقصان رساں کیڑوں اور سنڈیوں کے حملہ سے محفوظ بنا کر فی ایکڑ پیداوار میں اضافہ کرسکتے ہیں۔ چست تیلہ، سست تیلہ اور کالا تیلہ فصل پر حملہ آور ہو کر پودوں کے پتوں،شگوفوں،اور سٹوں سے رس چوستے ہیں جس سے پودا اور سٹے کمزور ہو جاتے ہیں۔

کیڑوں کے شدید حملہ کی صورت میں دانے سکڑ جاتے ہیں ، پتے پیلے ہو کر خشک ہو جاتے ہیں اور ان پر سیاہ پھپھوندی اُگ آتی ہے جس سے پو دے میں خوراک بنانے کا عمل متاثر ہوتا ہے۔ امریکن سنڈی گندم کے سٹوں پر حملہ آور ہو کر دانوں کو کھاتی ہے جس سے پیداوار متاثر ہوتی ہے۔ لشکری سنڈی گندم کے پتوں اور سٹوں کو کھا کر نقصان پہنچاتی ہے۔

(جاری ہے)

اس کے تدارک کیلئے حملہ شدہ کھیت کے گرد کھائیاں کھودیں تاکہ سنڈیاں رینگتی ہوئی ان میں گر جائیں پھر ان کو مٹی میں دبا دیں ۔

گلابی سنڈی فصل پرحملہ آور ہو کر گندم کی درمیانی کونپل کو کاٹ دیتی ہے جس سے متاثرہ سٹوں میں دانے نہیں بنتے اور سٹہ سفید نظر آتا ہے۔فصل کو ان ضرر رساں کیڑوں اور سنڈیوں کے حملہ سے محفوظ رکھنے کیلئے جڑی بوٹیوں کو بروقت تلف کریں اورمتاثرہ پودوں کو اکھاڑ کر زمین میں دبادیں۔

متعلقہ عنوان :