کاشتکار فروری کے آخر تک سیب کے پودے لگاسکتے ہیں ، محکمہ زراعت

جمعرات 18 فروری 2016 15:29

راولپنڈی/ اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔18 فروری۔2016ء)محکمہ زراعت پنجاب راولپنڈی کے ترجمان کے مطابق پوٹھوار کے علاقہ میں فروری کے آخر تک سیب کے پودے لگائے جاسکتے ہیں۔ سیب کو مختلف زمینوں میں کاشت کیا جاسکتا ہے لیکن ہلکی یا بھاری میرا زمین جس میں پانی کا نکاس بہتر ہو، کاشت کیلئے موزوں ہے۔

(جاری ہے)

سیب کی کاشت کیلئے گڑھے کھودتے وقت بالائی / اچھی قسم کی مٹی دو حصے اور گوبر کی گلی سڑی کھاد ایک حصہ لے کر اچھی طرح ملائیں۔

سیب کی قسم اینا (Anna) کاشت کیلئے نہایت موزوں ہے جس کی پیداوار 40 تا 60 کلوگرام فی پودا ہے۔ یہ قسم بازار میں اس وقت پہنچ جاتی ہے جب سیب کی کسی بھی دوسری قسم کا تازہ پھل موجود نہیں ہوتا۔ سیب کے چھوٹے پودوں کو ضرورت کے مطابق 7 تا 10 دن بعد اور بڑے یعنی بارآور پودوں کو 10 تا 15 دن کے وقفہ سے پانی لگائیں لیکن اس بات کا خیال رکھیں کہ پودوں کے تنوں کو پانی نہ چھوئے۔