جاپان : ظالم ماں نے بیٹی کو 30 سے زائد سنہری مچھلیاں کھلادیں

جمعرات 18 فروری 2016 15:32

جاپان : ظالم ماں نے بیٹی کو 30 سے زائد سنہری مچھلیاں کھلادیں

ٹوکیو(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔18 فروری۔2016ء) جاپان میں ماں نے طیش میں آکر اپنی نوعمر بیٹی کو 30 مردہ گولڈ مچھلیاں کھلادیں جو جاپان میں بچوں سے بڑھتے ہوئے برے رویے کی ایک واضع مثال ہے۔تفصیلات کے مطابق جاپان کے جنوب مغربی علاقے میں خاتون کی بیٹی نے مچھلی کے ٹینک میں غلطی سے واشنگ پاوٴڈر ڈال دیا جس سے تمام مچھلیاں ہلاک ہوگئی اس کے بعد غضب ناک ماں نے اپنی بیٹی کو ایک کے بعد ایک تمام مردہ مچھلیاں کھلادیں۔

واقعے کے بعد پولیس نے خاتون اور اس کے دوست کو گرفتار کرلیا ،دونوں ملزمان پر بچی کے منہ میں مچھلیاں ٹھونسنے کے ساتھ ایک الزام یہ بھی ہے کہ انہوں نے اس سے قبل نوعمر لڑکی کو رسیوں سے باندھ کر اس کے چہرے پر گھونسے مارے تھے اور سگریٹ سے اس کی زبان جلادی تھی۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ جاپان میں والدین کی جانب سے بچوں پر بہیمانہ تشدد کا یہ پانچواں واقعہ ہے جبکہ پورے ملک میں اس کی شرح میں اضافہ ہورہا ہے، گزشتہ ماہ ایک جاپانی ماں نے اپنی 3 سالہ بچی پر کھولتا ہوا گرم پانی انڈیل کر اسے ہلاک کردیا تھا۔

جاپانی وزارتِ دفاع کے مطابق گزشتہ سال مارچ سے اب تک بچوں پر تشدد اور زدوکوب کے 89 ہزار واقعات سامنے آئے ہیں۔ اس کے علاوہ جاپان میں بزرگ شہریوں پر بھی تشدد بڑھتا جارہا ہے۔ 2014 میں ایک نرسنگ ہوم کے ملازم نے 87 سالہ جاپانی کو بالکونی سے چار منزل نیچے گرادیا تھا جس سے وہ موقع پر ہلاک ہوگیا تھا۔