بھارتی عدالت نے ہندو خدا ہنومان کو عدالت میں طلب کر لیا

Ameen Akbar امین اکبر جمعرات 18 فروری 2016 19:19

بھارتی عدالت نے ہندو خدا ہنومان کو عدالت میں طلب کر لیا

بھارت کی ایک عدالت نے ہندوؤں کے خدا ہنومان کو پراوانہ طلبی بھیج دیا ہے۔ عدالت نے بھارت کی مشرقی ریاست میں سرکاری جگہ پر مندربنانے پر ہنومان دیوتا کو عدالت میں طلب کر لیا ہے۔
مقامی میڈیا میں ہنومان دیوتا کی ایسی تصویریں گردش کر رہی ہیں، جس میں اس کے گلے میں سمن لٹکا ہوا دکھایا گیا ہے۔
عدالت نے یہ سمن بہار کے ضلع روہتاس میں پبلک ورکس کے محکمے کے مندر کے خلاف دائر مقدمے میں جاری کیا ہے۔

(جاری ہے)

محکمے نے عدالت سے استدعا کی ہے کہ اس مندر کو اس کی جگہ سے ہٹایا جائے، کیونکہ اس مندر کی وجہ سے ٹریفک کی روانی بری طرح متاثر ہوتی ہے۔مقامی ہندوؤں نے مندر کے خلاف قانونی کاروائی پر کافی احتجاج کیا ہے۔
مقامی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ یہ سمن مندر کی انتظامیہ کے نام جاری کیا جانا تھا تاہم اسے غلطی سے ہنومان کے نام جاری کر دیا گیا۔ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ سمن میں درستی کر دی جائے گی۔روہتاس کے ڈپٹی ڈویلپمنٹ کمشنر ہاشم خان کا کہنا ہے کہ یہ سمن انتظامیہ کے لیے تھا نہ کہ ہنومان کے لیے۔
بھارت میں عوامی مقامات، سڑکوں کے فٹ پاتھوں اور خالی جگہوں پر قبضہ کر کے مندر تعمیر کرنا عام بات ہے۔