اسلام آبادپولیس میں غیر قانونی بھرتیوں کی عجب داستان منظر عام پر آ گئی،آئی جی کا تحقیقات کا حکم ، رپورٹ طلب کرلی

2003 سے نازیہ کوثراپنی بہن کی جگہ، اس کی اسناد پر نگہت پروین بن کر ملازمت کر رہی تھی ، ذرائع

جمعرات 18 فروری 2016 22:03

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔18 فروری۔2016ء)اسلام آبادپولیس میں غیر قانونی بھرتیوں کی عجب داستان منظر عام پر آ گئی،آئی جی نے تحقیقات کا حکم دے دیا ۔تفصیلات کے مطابق 2003 سے نازیہ کوثراپنی بہن کی جگہ، اس کی اسناد پر نگہت پروین بن کر ملازمت کر رہی ہے، جعلی شناختی کارڈ اوردیگر جعلی کوائف کے ذریعے بھرتی ہونیوالی نازیہ کوثر کو کسی نے بھی نہ پہچانا، کوائف میں ردوبدل کے بعدمسماۃ نازیہ کوثر ،نگہت پروین بن کر اسلام آباد پولیس کی آنکھوں میں دھول جھونکتی رہی ، نازیہ کوثر کے خلاف شان محمد ولد غلام رسول ساکن منڈی بہاؤالدین نے انسپکٹر جنرل پولیس اسلام آباد درخواست دی تھی۔

دستیاب دستاویز کے مطابق اسلام آباد پولیس میں غیرقانونی بھرتی کا انکشاف ہوا ۔

(جاری ہے)

منڈی بہاؤالدین کی رہائشی لیڈی کانسٹیبل نازیہ کوثر اپنی بہن مسماۃ نگہت پروین بن کر 2003میں اسلام آباد پولیس میں بھرتی ہوئی جبکہ نگہت پروین منڈی بہاؤالدین ہی میں موجود ہیں۔ دستاویز میں بتایاگیا ہے کہ علاقہ مجسٹریٹ نے بھی اسکی تصدیق کی ہے جبکہ درخواست گذار شان محمد ولد غلام رسول ساکن منڈی بہاؤالدین نے یہ موقف اختیار کیا کہ جعلی اسناد اور دیگر کوائف میں ردوبدل کے بعد مسماۃ نازیہ کوثر نے پولیس کی آنکھوں میں بھی دھول جھونک کر جعلی طریقے سے ملازمت حاصل کی، آئی پولیس نے تحقیقات کا حکم دے کر رپورٹ طلب کرلی ہے۔