پاکستان سپر لیگ ، لاہور قلندرز کے کروڑوں روپے میں فروخت ہونے والے کھلاڑی بری طر ح ناکام

جمعرات 18 فروری 2016 22:05

پاکستان سپر لیگ ، لاہور قلندرز کے کروڑوں روپے میں فروخت ہونے والے کھلاڑی ..

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔18 فروری۔2016ء) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی دوسری مہنگی ترین ٹیم لاہور قلندرز کے کروڑوں روپے میں فروخت ہونے والے کھلاڑی ٹیم کو ایونٹ میں نہ رکھ سکے ، آئی کون پلیئرز کرس گیل پانچ میچز میں 103 رنز بنا سکے ، لاہور قلندر کو کرس گیل کا فی رن 2 ہزار ڈالر میں پڑا جب کہ 1 لاکھ 40 ہزار ڈالر میں فروخت ہونے والے آل راؤنڈر ڈیرن براؤو 8 میچز میں محض 4 وکٹیں اور 111 رنز بنا سکے ، 70 ہزار ڈالر میں فروخت ہونے والے وکٹ کیپر بیٹسمین محمد رضوان کا فی رن لاہور قلندر کو 180 ڈالر میں پڑا جب کہ کیون کوپر کی فی وکٹ لاہور قلندر کو ساڑھے آٹھ ہزار ڈالر میں پڑی ۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان سپر لیگ کا پہلا مرحلہ مکمل ہو چکا ہے ۔ پہلے مرحلے میں واحد باہر ہونی والی ٹیم لاہور قلندر تھی۔

(جاری ہے)

لاہور قلندر کی ٹیم میں کروڑوں روپے میں فروخت ہونے والے کھلاڑیوں نے ٹیم کو کافی مایوس کیا۔ آئی کون پلیئرز میں شامل کرس گیل کو لاہور قلندر میں دو لاکھ ڈالرز میں خریدا تھا۔ کرس گیل پی ایس ایل کے پانچ میچوں میں 103 رنز ہی بنا سکے جس کے بعد لاہور قلندر کو کرس گیل کا فی رن 2 ہزار ڈالر میں پڑا ۔

اسی طرح پلاٹینم کیٹگری میں فروخت ہونے والے آل راؤنڈر ڈیرن براؤو کو لاہور قلندر نے 1 لاکھ 40 ہزار ڈالر میں خریدا ۔ ڈیرن براؤو پی ایس ایل کے 8 میچز میں 111 رنز اور محض 4 وکٹیں حاصل کر سکے ۔ڈیرن براؤو کا فی رن لاہور قلندر کو 1260 ڈالر میں پڑا ۔ ڈائمنڈ کیٹگری میں فروخت ہونے والے وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان کو لاہور قلندرز نے 70 ہزار ڈالر میں خریدا ۔

محمد رضوان آٹھ میچوں میں صرف 103 رنز ہی بنا سکے ۔ لاہور قلندر کو محمد رضوان کا فی رن 180 ڈالر کا پڑا اسی طرح گولڈ کیٹگری میں فروخت ہونے والے ویسٹ انڈین باؤلر کیون کوپر کو لاہور قلندر نے پانچ ہزار ڈالر میں خریدا ۔ کیون کوپر سات میچوں میں صرف 6 وکٹیں ہی حاصل کر سکے اور اس طرح لاہور قلندر کو کیون کوپر کی ایک وکٹ ساڑھے آٹھ ہزار ڈالر میں پڑی۔