شوہر کی آخری رسومات کے لیے بیوہ نے اپنے کم سن بچے گروی رکھوا دئیے

Ameen Akbar امین اکبر جمعہ 19 فروری 2016 03:16

شوہر کی آخری رسومات کے لیے بیوہ نے اپنے کم سن بچے گروی رکھوا دئیے

بھارت میں کیونجھاڑ ضلع کے گاؤں گادھولی میں ایک بیوہ کو اپنے شوہر کی آخری رسومات ادا کرنے کے لیے اپنے کم سن بچوں کو گروی رکھنا پڑا۔
اس بیوہ کی کہانی تب منظر عام پر آئی جب ایک افسر ایس نائیک نے اس رہن کے سودے کی اطلاع پا کر علاقے کا دورہ کیا۔
سابیتری نائیک نے اپنے وونوں بچے 13سالہ مکیش اور 11سالہ سکیش کو 5000روپے کے لیے اپنے ہمسائے کے پاس گروی رکھوا دیا۔

اس رقم سے اس نے اپنے شوہر کی آخری رسومات ادا کیں۔سابیتری نے بتایا کہ مجھے اپنے دونوں بچے گروی رکھوانا پڑے، کیونکہ میرے پاس انہیں کھلانے کو پیسے نہیں تھے۔سابیتری کے تین اور بچے 9سالہ آکاش، 8 سالہ چلاری اور 4سالہ برشا بھی ہیں۔
محنت مزدوری کر کے اپنے بچوں کا پیٹ پالنے والا رایبا بھارت کےیوم جمہوریہ کے دن 26 جنوری کو طویل علالت کے بعد فوت ہوگیا تو سابیتری کے پاس شوہر کی آخری رسومات کے پیسے بھی نہیں تھے، اس کی ساری جمع پونچی شوہر کے علاج پر خرچ ہوچکی تھی، اس نے مدد کے لیے کئی در کھٹکھٹائے مگر کوئی اس کی مدد کو نہ آیا۔

(جاری ہے)

ایسے میں سابیتری کو اپنے بچے سکول سے ہٹا کر ہمسائے کے پاس گروی رکھوانے پڑے۔ اس کے بچے ہمسائے کےپیسے پورے کرنے کےلیے اس کے جانوروں کی دیکھ بھال کرتے ہیں۔
گاؤں کا دورہ کرنے والے ایس نائیک کا کہنا ہے کہ وہ بیوہ کے مستقل گزارے کے لیے جلد ہی کچھ بندوبست کریں گے۔