سنگاکارا نے برطانیہ میں سری لنکن کمشنر بننے کی پیشکش ٹھکرا دی

جمعہ 19 فروری 2016 12:07

سنگاکارا نے برطانیہ میں سری لنکن کمشنر بننے کی پیشکش ٹھکرا دی

کولمبو (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔19 فروری۔2016ء)سابق مایہ ناز وکٹ کیپر بلے باز کمار سنگاکارا نے برطانیہ میں سری لنکن کمشنر بننے کی پیشکش ٹھکرا دی۔

(جاری ہے)

میڈیا رپورٹ کے مطابق گزشتہ سال بھارت کے خلاف کھیلے گئے کولمبو ٹیسٹ کے بعد سری لنکن صدر متھری پالا سری سینا نے سنگاکارا کو ان کی ملکی کرکٹ کیلئے گراں قدر خدمات کے اعتراف میں انہیں برطانیہ میں سری لنکن ہائی کمشنر بننے کی پیشکش کی تھی، متھری پالا نے ان سے کہا تھا کہ انہوں نے ملکی وقار میں اضافہ کیا ہے اسلئے وہ انہیں ہائی کمشنر بننے کی پیشکش کر کے خوشی محسوس کر رہے ہیں۔

سنگاکارا نے اس موقع پر کہا تھا کہ یہ میرے لئے حیران کن پیشکش ہے، میں صدر متھری پالا کی پیشکش کا احترام کرتا ہوں، اس ملازمت کا کوئی تجربہ نہیں اور نہ ہی زیادہ معلومات ہیں اسلئے حتمی فیصلے تک پہنچنے کیلئے مجھے وقت لگے گا۔ سنگاکارا نے بالاآخر چھ ماہ طویل سوچ وچار کے بعد پیشکش ٹھکرا دی۔ سری لنکن صدر کے سیکرٹری پالیتھا نے اپنے بیان میں کہا کہ سنگاکارا نے مصروف شیڈول اور دیگر کمٹمنٹس کی وجہ سے پیشکش کو رد کر دیا ہے، ہم چند دیگر امیدواروں سے بھی رابطے میں ہیں اور انہی میں سے کسی ایک کا چناؤ کریں گے۔