ملکی ترقی میں بیوروکریسی کا کردار کلیدی،افسران بغیرکسی دباؤ کے درست فیصلے کریں،نوازشریف

جمعہ 19 فروری 2016 12:27

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔19 فروری۔2016ء) وزیراعظم میاں محمد نوازشریف نے کہا ہے کہ ملکی ترقی کیلئے بیوروکریسی کا کردار کلیدی ہوتا ہے ، ہمیں ایک ٹیم بن ملک و قوم کی خوشحالی کیلئے کام کرنا ہو گا ،امید ہے افسران دیانتداری اور شفافیت کو اپنا شعار بنائیں گے ، بروقت ودرست فیصلے انتہائی اہمیت کے حامل ہوتے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گریڈ22 میں ترقی پانے والے بیورو کریٹس و افسران کے نام مبارکباد کے ایک پیغام میں کیا ۔

وزیراعظم نے ترقی پانیوالے سیکرٹریز و دیگر افسران کو مبارکباد دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ وہ ملک و قوم کی ترقی کیلئے شفافیت اور بروقت فیصلے کریں گے۔وزیراعظم نے کہاکہ افسران کو میرٹ کی بنیاد پر ترقی دی گئی ہے اور میں امید کرتا ہوں کہ بیورو کریسی بھی میرٹ اور شفافیت کو اپنا معیار بنائے گی کیونکہ پاکستان کی ترقی میں افسر شاہی کا کردار انتہائی اہم ہے اور افسران کو دیانتداری اور شفافیت کو مدنظر رکھتے ہوئے ملک و قوم کی خدمت کرنی چاہیے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ پاکستان کی ترقی میں سول افسران کا کرداربھی انتہائی اہم ہے اور ہمارا مقصد قانون کی حکمرانی قائم کرنا ہے ، قوم بھی توقع رکھتی ہے کہ افسران بغیر کسی خوف اور دباؤ کے میرٹ پر فیصلے کرینگے اور لوگ افسران سے عوامی مفاد کیلئے اقدامات اٹھانے کی امید رکھتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :