وزیراعظم کا اذان خان شہید ماڈل سکول میں بچوں سے دلچسپ مکالمہ،سوالات پوچھے

جمعہ 19 فروری 2016 14:13

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔19 فروری۔2016ء) وزیراعظم نواز شریف نے اذان خان شہید ماڈل سکول ایف ایٹ تھری میں بچوں سے دلچسپ مکالمہ اور جنرل نالج کے سوالات کر کے بچوں کوبین الاقوامی معیار کے مطابق زیور تعلیم سے آراستہ کرنے کے عزم کی عکاسی کی، وزیراعظم نے بچوں کو دل لگا کر محنت کرنے کی تلقین اور سکول انتظامیہ کوبچوں کی حوصلہ افزائی کرنے، بہتر عملے کی تعیناتی اوربچوں کی حفاظت یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بچوں میں پڑھنے کا شوق پیدا کیا جائے تا کہ وہ صحیح معنوں میں تعلیم حاصل کر کے پاکستان کا نام روشن کر سکیں۔

تفصیلات کے مطابق جمعہ کو وزیراعظم نواز شریف نے اذان خان شہید ماڈل سکول ایف ایٹ تھری میں مونٹیسوری کلاسز اور جدید سہولتوں کی فراہمی کا افتتاح کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر وزیراعظم نواز شریف نے سکول کے مختلف حصوں ، لائبریری اور کلاس رومز کا دورہ کر کے بچوں سے بات چیت کی اور ان سے مختلف سوالات پوچھے۔ انہوں نے بچوں سے ”ا، ب“ اور ”اے، بی ،سی“ سنی۔

وزیراعظم نے بچوں سے جغرافیہ اور جنرل نالج سے متعلق سوالات بھی کئے۔ وزیراعظم نواز شریف نے ایک بچے سے سوال پوچھا کہ کرہ ارض پر کتنے براعظم ہیں، جس پر پہلا بچہ تو جواب نہ دے سکا تاہم دوسرے بچے نے میدان مارلیا اور تمام براعظموں کے نام بھی بتائے، جس کے بعد وزیراعظم نواز شریف نے ایک اور بچے سے سوال پوچھا کہ سمندر کتنے ہیں، جس پر ایک بچے نے بتایا کہ 5بڑے سمندر ہیں، جس پر وزیراعظم نواز شریف نے بچے کو شاباش دی اور مسکراتے ہوئے کہا کہ سب بچے ٹیسٹ پاس کر گئے ہیں۔

وزیراعظم نواز شریف نے سکول کی حالت کے بارے میں بھی پوچھا جس پر بچوں نے بتایاکہ پہلے سکول ”بہتر“ تھا لیکن اب ”بہت اچھا“ ہو گیا ہے۔ وزیراعظم نے بچوں سے دل لگا کر محنت کرنے کی تلقین بھی کی۔ وزیراعظم نے سکول انتظامیہ کو ہدایت کی کہ حکومت نے جو سہولیات مہیا کی ہیں ان کی حفاظت کی جائے اور مزید بہتری لائی جائے اور بہتر عملہ بھی تعینات کیا جائے تاکہ بچوں کی حوصلہ افزائی اور سکے اور وہ صحیح معنوں میں تعلیم حاصل کر کے پاکستان کا نام روشن کر سکیں۔

متعلقہ عنوان :