چینی کنسورشیم پاکستان میں 2ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کرے گا

جمعہ 19 فروری 2016 14:24

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔19 فروری۔2016ء ) چینی کنسورشیم پاکستان میں کان کنی اور کوئلے سے بجلی پیدا کرنے کے ایک منصوبے میں دو ارب ڈالر سرمایہ کاری کرے گا ، اس کنسورشیم کی قیادت چین کی مشینری انجنیئرنگ کارپوریشن کررہی ہے جبکہ یہ منصوبے اینگرو کارپوریشن آف پاکستان مکمل کرے گی ، منصوبہ کا پہلا مرحلہ 330میگاواٹ کا پاور پلانٹ ہے جو صوبہ سندھ کے علاقہ تھر میں لگایا جائے گا اور اس کے ساتھ ہی کان کنی کے منصوبے پر بھی کام شروع کیا جائے گا تا کہ اس سے بجلی پیدا کرنے والے پلانٹ کے لئے کوئلہ حاصل کیا جا سکے ۔

یہ منصوبہ چین پاکستان اقتصادی راہداری کا حصہ ہے جس کے ذریعے گوادر سے کاشغرتک تین ہزار کلومیٹر شاہراہ تعمیر کی جانی ہے ۔یہ بات چین کی مشینری انجنیئر نگ کارپوریشن کے صدر ژانگ چن نے اپنے ایک بیان میں کہی ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں کان کنی اور کوئلے سے بجلی پیدا کرنے کا یہ پہلابڑا منصوبہ ہے ، توقع ہے کہ اس سے پاکستان میں معاشی ترقی کو نئی جہت ملے گی ۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے اس منصوبے کے ساتھ دیگر ملکوں میں سرمایہ کاری کے ایک نئے باب کا آغاز کیا ہے ، یہ پاکستان میں ایک مثال بنے گا ۔چائنا ڈیلی میں شائع ہونے والے ان کے ایک بیان کے مطابق پاکستان میں یہ منصوبے چینی صدر کے دورہ پاکستان کے نتیجے میں عملی شکل اختیار کررہے ہیں ۔افغان امور کے ماہر وانگ شیدا نے کہا ہے کہ یہ منصوبہ پاکستان کی معاشی ترقی کی رفتار کو تیز کرنے میں زبردست کردار ادا کرے گا ۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان پٹرول ، ڈیزل ، قدرتی گیس اور خام تیل کی درآمد پر بھاری زر مبادلہ خرچ کرتا ہے جبکہ وہ کوئلے سے صرف 0.1فیصد بجلی حاصل کرتا ہے ، اس لئے پاکستان میں کوئلے سے بجلی پیدا کرنے کے منصوبوں کے لئے وسیع گنجائش موجود ہے ۔انہوں نے کہا کہ اس سے پاکستان میں طلب اور رسد کے درمیان توازن پیدا کرنے میں مدد ملے گی ۔یاد رہے کہ چین پاکستان میں اقتصادی راہداری منصوبہ کے لئے 40ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کررہا ہے جس کا بیشتر حصہ بجلی پیدا کرنے کے منصوبوں پر خرچ ہو گا ۔

متعلقہ عنوان :