کلرز ٹی وی نے ایک بار پھر کپل شرما کو مشکل میں ڈال دیا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعہ 19 فروری 2016 14:41

کلرز ٹی وی نے ایک بار پھر کپل شرما کو مشکل میں ڈال دیا

ممبئی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 19 فروری 2016ء): کلرز ٹی وی سے معروف مزاحیہ ٹی وی شو ”کامیڈی نائٹس ود کپل“ ختم کرنے کے بعد کپل شرما کے مداحوں کے مابین مایوسی کی ایک لہر دوڑ گئی تھی لیکن کچھ ہی عرصے کے بعد کپل شرما نے اپنے مداحوں کو خوشخبری دی کہ وہ جلد ہی کسی اور ٹی وی چینل سے اپنے مداحوں کو محظوظ کریں گے۔ میڈیا ذرائع کے مطابق کپل شرما ”سونی انٹرٹینمنٹ“ پر اپنے نئے شو کے ساتھ جلوہ گر ہوں گے لیکن اس سے قبل کلرز انتظامیہ نے سونی ٹی وی کو ایک نوٹس جاری کیا ہے جس میں انہوں نے کپل شرما کے مزاحیہ شو کے حوالے سے سونی انٹرٹینمنٹ کی انتظامیہ کو 6 نکات پر عمل کرنے کی ہدایت کی ہے ۔

کلرز انتظامیہ کے مطابق کپل شرما کے نئے شو میں 6 ایسی چیزیں ہرگز نہیں ہوں گی جو اس سے قبل شو کا لازمی حصہ تھیں۔

(جاری ہے)

کلرز ٹی وی انتظامیہ نے موقف اختیار کیا کہ یہ 6 چیزیں کلرز ٹی وی پر آن ائیر ہونے والے پروگرام کا حصہ تھیں لہٰذا کلرز ٹی وی کے پاس اس شو میں استعمال ہونے والی ہر چیز کے رائٹس ہیں۔ سونی انٹرٹینمنٹ کو منع کی گئی 6 چیزوں میں ”بابا جی کا ٹھلو“، شو کے سیٹ پر ”بکری“، ”بڑے ہونٹوں والی بیوی“، ”گتھی“، ”پلک“ اور ”دادی“ شامل ہیں۔

کلرزٹی وی انتظامیہ کے مطابق یہ تمام کردار کلرز ٹی وی کی ملکیت ہیں لہٰذا کوئی بھی دوسرا ٹی وی چینل ان کو استعمال میں نہیں لا سکتا۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ کپل شرما ان تمام کرداروں کے بغیر شو کر کے اپنے مداحوں کو کس طرح محظوظ کرتے اور ان کی اُمیدوں پر پورا اُتریں گے۔