وفاقی سیکرٹری اطلاعات کے عہدے پرتعینات ہونے والے عمران گردیزی اطلاعات سمیت مختلف شعبوں میں وسیع تجربے کے حامل

سید عمران گردیزی نے میڈیا اور حکومت کے درمیان بہتر تعلقات میں اہم کرداراداکیا، اے پی این ایس کی جانب سے 2003میں بہترین میڈیا منیجر کاایوارڈ کیاگیا نئے وفاقی سیکرٹری امریکہ اور برطانیہ میں پریس منسٹر ، پی آئی اے میں جی ایم ، اور پی آئی ڈی میں پی آئی او کے طور پر بھی اپنے فرائض سر انجام دے چکے ہیں

جمعہ 19 فروری 2016 19:01

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔19 فروری۔2016ء) وفاقی سیکرٹری اطلاعات و نشریات کے عہدے پر ترقی پانے والے 22 گریڈ کے آفیسر سید عمران گردیزی اطلاعات سمیت مختلف شعبوں میں وسیع تجربہ رکھتے ہیں، میڈیا اور حکومت کے درمیان بہتر تعلقات میں ان کا اہم کردار ہے، اے پی این ایس کی طرف سے2003 میں انہیں بہترین میڈیا منیجر کا ایوارڈبھی دیا گیا، سید عمران گردیزی امریکہ ، برطانیہ میں پاکستانی مشنوں میں پریس منسٹر ، پی آئی اے میں جی ایم ، اور پی آئی ڈی میں پی آئی او کے عہدے پر اپنے فرائض سر انجام دے چکے ہیں ۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم نواز شریف نے سید محمد عمران گردیزی کو وفاقی سیکرٹری اطلاعات تعینات کر دیا ہے، وفاقی سیکرٹری اطلاعات کے عہدے پر ترقی پانے والے انفارمیشن گروپ کے 22 گریڈ کے افسر سید عمران گردیزی اطلاعات سمیت مختلف شعبوں میں وسیع تجربہ رکھتے ہیں، ان کے تجربے کی انتہائی طویل ترین فہرست ہے ۔

(جاری ہے)

وہ بیورو کریسی میں انتہائی محنتی اور ایماندار افسر مانے جاتے ہیں، عمران گردیزی لندن ، واشنگٹن اور نیویارک میں پاکستانی سفارتخانوں میں پریس منسٹر کے طور پر اپنے فرائض سرانجام دے چکے ہیں،وہ پی آئی اے میں جنرل منیجر کے عہدے پر بھی فائز رہے ۔

عمران گردیزی پی آئی ڈی میں پرنسپل انفارمیشن آفیسر اور وزارت اطلاعات و نشریات میں ڈی جی ایکسٹرنل پبلسٹی ونگ بھی رہے، انہوں نے وزیراعظم کے پریس سیکرٹری کے طور پر بھی اپنے فرائض سرانجام دیئے۔ سید محمد عمران گردیزی ان دنوں ملک کے قومی نشریاتی ادارے ریڈیو پاکستان کے ڈائریکٹر جنرل کے طور پر فرائض سرانجام دے رہے ہیں اور وہ جنوری 2015میں نشریاتی ادارے کے 26 ویں ڈائریکٹر جنرل تعینات ہوئے تھے ۔

اس دوران انہوں نے ریڈیو کی ترقی، اسے اور جدید کے نئے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے اور اس میں اصلاحات کرنے میں انتہائی اہم کردار ادا کیا۔ بطور ادارہ ریڈیوکی ترقی کے ساتھ ساتھ وہ ریڈیو پاکستان کے ملازمین کے حقوق اور مسائل کے حل میں بھی پیش پیش رہے اور اس سلسلے میں کوئی کسر نہ اٹھا رکھی۔ سید عمران گردیزی انتہائی دیانتدار، محنتی اور قابل قدرسرکاری افسر تسلیم کئے جاتے ہیں، انہوں نے میڈیا اور حکومت کے درمیان تعلقات کی بہتری میں بھی انتہائی اہم کردار ادا کیا۔

اس پر 2003 میں آل پاکستان نیوز پیپرز سوسائٹی کی طرف سے ان کو بہترین میڈیا منیجر کے ایوارڈ سے نوازا گیا، حکومت پاکستان نے ان کے بہترین ریکارڈ کو مد نظر رکھتے ہوئے انہیں وفاقی سیکرٹری اطلاعات و نشریات تعینات کیا جس بارے میں ان کا عزم ہے کہ وہ اپنا کردار بخوبی نبھائیں گے۔ واضح رہے کہ کچھ عرصہ قبل ایڈیشنل سیکرٹری اطلاعات صباء محسن کو وفاقی سیکرٹری اطلاعات کا اضافی چارج دیا گیا تھا، تاہم حکومت ان کی کارکردگی سے مطمئن نہ تھی جس پر انہیں عہدے سے ہٹا کر عمران گردیزی کو یہ ذمہ داریاں سونپی گئی ہیں۔

وزارت اطلاعات کے افسران، ریڈیو پاکستان کے ڈائریکٹر نیوز، کنٹرولرز و دیگر افسران اور ورکرز یونینز کے عہدیداروں نے اور صحافتی تنظیموں نے انہیں وفاقی سیکرٹری اطلاعات تعینات ہونے پر مبارکباد دی ہے۔

متعلقہ عنوان :