ترک ریڈ کریسنٹ کے پانچ رکنی وفد کا دورہ پاکستان

دونوں ممالک کی ریڈ کریسنٹ کا مستقبل میں مشترکہ طور پر انسانیت کی خدمت کے عزم کااعادہ ڈاکٹر رضوان نصیر نے پاکستان ریڈ کریسنٹ کی خدمات ، جاری منصوبوں اور مستقبل کی حکمت عملی پر بریفنگ دی

جمعہ 19 فروری 2016 19:13

اسلام آباد( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔19 فروری۔2016ء ) قدرتی سانحات سے متاثرہ پاکستان کو قومی سطح پر اراضی کے استعمال اور محفوظ تعمیرات کے لیے ٹھوس اقدامات کرنے ہوں گے۔ محفوظ تعمیرا ت ،اربن پلاننگ ، اراضی کے استعمال اور بلڈنگ کوڈز پر عملدرآمدیقینی بناکرجانی و مالی نقصان کم کیا جا سکتا ہے۔ زلزلہ کے دوران بڑے پیمانے پر کی گئی غیرمحفوظ و ناپائیدار تعمیرات سے نقصان ہوتا ہے۔

ان خیالات کا اظہار پاکستان ریڈ کریسنٹ کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر رضوان نصیر نے ایک بریفنگ میں کیا۔ اس موقع پر ترک ریڈ کریسنٹ کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل حسین خان ، ڈی جی انٹرنیشنل افیئرز ایسک کوچک ، ہیڈ آف انٹرنیشنل پروگرام سیوال گوزیل و دیگر بھی موجودتھے۔اس سے قبل پاکستان کے دورے پر آئے ہوئے ترک ریڈ کریسنٹ کے پانچ رکنی وفد نے ڈیزاسٹرمینجمنٹ و لاجسٹک سیل ، ریجنل بلڈ ڈونیشن سنٹر کامعائنہ کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ترک وفد کے سربراہ حسین خان نے کہاکہ ہم نے ترکی کے سب سے قدیم شہر و دارالحکومت استنبول میں محفوظ تعمیرات کو یقینی بنایا ہے۔ زلزلہ پروف عمارتیں تعمیر کی ہیں۔ اس لحاظ سے پاکستان جو 2005ء سے مسلسل زلزلوں ، سیلاب کی زد میں ہے اسے قومی سطح پرموثر پالیسی کی ضرورت ہے تاکہ ہر شہر میں اراضی کے استعمال ، تعمیراتی قوانین ، قدرتی آفات میں نقصانات سے بچنے کے لیے اقدامات کئے جائیں۔

قدرتی سانحات سے نمٹنے کی صلاحیت پیدا کرکے بہت سے نقصانات سے بچا جا سکتا ہے۔ اس حوالے سے جہاں قانون سازی ضروری ہے وہاں عوام میں شعورو آگاہی بھی ضروری ہے۔ پاکستان جغرافیائی اعتبار سے اہمیت کاحامل ملک ہے اسے قدرتی سانحات یعنی زلزلہ اور سیلاب کاخطرہ ہر وقت رہتا ہے دنیا میں قدرتی سانحات سے متاثرہ ممالک میں پاکستان بھی شامل ہے۔ وفد کو پاکستان ریڈ کریسنٹ کی تاریخ ، خدمات ، جاری منصوبوں اور مستقبل کی حکمت عملی سے متعلق بریفنگ دی گئی۔

پاک ترک دوستی دنیا کے لیے ایک مثال ہے۔ دونوں ممالک کی ریڈ کریسنٹ نے مستقبل میں مشترکہ طور پر انسانیت کی خدمت کے عزم کااعادہ کیا۔ ترک ریڈ کریسنٹ بلڈڈونیشن سنٹرز ،خاندانی روابط کی بحالی اور لاپتہ افراد یا انسانی سمگلرو ں کے متاثرہ افراد کی مدد کے لیے پاکستان ریڈ کریسنٹ کی لاسٹ ہیلپ لائن کے ذریعے تعاون جاری رکھے گی ۔

متعلقہ عنوان :