بھارتی حکومت کا پاکستان کی جانب سے پٹھانکوٹ حملے کی ایف آئی آر درج کے اقدام کا خیر مقدم

مقدمے کا اندارج درست سمت کی جانب ایک قدم ہے ، پاکستان حملے کے ماسٹر مائنڈ اور واقعے کے اصل قصورواروں کو سزا دے، دہشتگردی کی کاروائیوں میں ملوث افرادکو سزا دینے کیلئے کوئی بھی قدم ایک مثبت اشار ہ ہے بھارتی حکمران جماعت بی جے پی کے ترجمان پی نلن کوہلی کا ردعمل

جمعہ 19 فروری 2016 22:02

بھارتی حکومت کا پاکستان کی جانب سے پٹھانکوٹ حملے کی ایف آئی آر درج کے ..

نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔19 فروری۔2016ء ) بھارتی حکومت نے پاکستان کی جانب سے پٹھانکوٹ حملے کی ایف آئی آر درج کے اقدام کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ مقدمے کا اندارج درست سمت میں ایک مثبت قدم ہے ، پاکستان حملے کے ماسٹر مائنڈ اور واقعے کے اصل قصورواروں کو سزا دے۔جمعہ کو بھارتی میڈیا کے مطابق بی جے پی کے ترجمان نلن کوہلی کاکہنا ہے کہ دہشتگردی کی کاروائیوں میں ملوث افرادکو سزا دینے کیلئے کوئی بھی قدم ایک مثبت اشار ہ ہے تاہم انکا کہنا تھا کہ پاکستان حملے کے ماسٹر مائنڈ اور واقعے کے اصل قصورواروں کو سزا دے ۔

ادھر لوک سبھا میں کانگریس کے چیف وہب ستوترادتی سندیا کا کہنا ہے کہ ہم پٹھانکوٹ حملے کے معاملے کو پارلیمنٹ میں لے جا رہے ہیں اس بارے میں کوئی شک نہیں ہونا چاہیے۔

(جاری ہے)

انکا کہنا تھاکہ بی جے پی کی پالیسی ناکام رہی ہے حکومت ہر معاملے میں یوٹرن لے لیتی ہے ۔پاکستانی ہائی کمشنر کی حریت رہنماؤں سے ملاقات کے بعد کہا گیا کہ پاکستان کے ساتھ کوئی بات چیت نہیں ہوگی لیکن بعد میں آپ نے بات چیت کی ۔

اسکے بعد آپ نے کہاکہ جب تک کوئی کاروائی نہیں ہوتی اس وقت تک کوئی بات نہیں ہوگی ۔ اس سے قبل پٹھان کوٹ ایئر بیس پر حملے کا مقدمہ سی ٹی ڈی گوجرانوالہ میں سب انسپکٹر کی مدعیت میں درج کر لیا گیا ہے، مقدمہ 6 نامعلوم افراد کے خلاف درج کیا گیا ہے تاہم پولیس حکام کی جانب سے کسی قسم کی تفصیلات فراہم نہیں کی گئیں کہ آیا یہ مقدمہ پاکستانی شہریوں کے خلاف درج کیا گیا ہے یا ایئر بیس پر حملے میں ملوث کسی ملزم کو گرفتار کیا گیا ہے اور اس کی اطلاع پر مقدمہ درج کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ رواں برس 2 جنوری کو بھارتی پنجاب میں واقع پٹھان کوٹ ایئر بیس پر 4 حملہ آوروں نے حملہ کر کے 7 بھارتی فوجیوں کو ہلاک کیا تھا۔ بھارت نے بغیر کسی تحقیق کے ایئر بیس پر حملے کا الزام پاکستان پر عائد کر کے اسلام آباد میں ہونے والے سیکرٹری خارجہ سطح کے مذاکرات معطل کر دیئے تھے جب کہ پاکستان نے بھارت کو یقین دلایا تھا کہ اگر بھارت کے پاس ایئربیس پر حملے کے ٹھوش شواہد ہیں تو فراہم کئے جائیں ملزمان کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔