پاکستان سپر لیگ، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے سنسنی خیز مقابلے میں پشاور زلمی کو 1رن سے ہرا دیا

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب ہفتہ 20 فروری 2016 00:47

پاکستان سپر لیگ، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے سنسنی خیز مقابلے میں پشاور زلمی ..

دبئی(اردو پوا ئنٹ تازہ ترین اخبار19فروری- 2016ء) پاکستان سپر لیگ کے پہلے پلے آ ف میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے پشاور زلمی کو 1رن سے شکست دے کر ایونٹ کے فائنل میں جگہ بنالی ہے ۔ دبئی میں جاری میچ میں کوئٹہ نے ٹاس ہارنے پر بلے بازی شروع کی تو گزشتہ میچ کے ہیرو بسم اللہ خان اس میچ میں کچھ کیے بغیر دوسری ہی گیند پر پویلین لوٹ گئے ۔ احمد شہزاد بھی کچھ خاص نہ کر سکے اور 6رنز بنا کر پوویلن لوٹے ۔

اس موقع پر کوئٹہ کے سب سے زیاد ہ تجربہ کار جوڑی کمار سنگاکارا اور کیون پیٹرسن نے تیسری وکٹ کے لیے 79رنز کی پارٹنر شپ قائم کی ۔سنگاکارا 37رنز بنا کر پوویلن لوٹے جبکہ کپتان سرفرا ز احمد بھی سکوررز کو تنگ کیے بغیر پوویلین لوٹ کئے ۔کیون پیٹرسن بھی اہم موقع پر 53رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے ۔

(جاری ہے)

محمد نواز نے کچھ دیر مزاحمت کی تاہم وہ بھی 20رنز سکور کرکے شان ٹیٹ کے ہاتھوں آؤٹ ہوگئے ۔

کوئٹہ کے بلے باز آخری 4اوورز کا بھرپور فائدہ نہ اٹھا سکے اور پوری ٹیم 19.3اوورز میں 133رنز پر پوویلین لوٹ گئی ۔ پشاور کی جانب سے وہاب ریاض نے 3، شان ٹیٹ نے 2جبکہ اصغر ،آفریدی، سیمی اور حسن نے 1،1کھلاڑی آؤٹ کیا ۔ پشاور زلمی نے 134رنز کے تعاقب کا آغاز کیا تو کامران اکمل اور محمد حفیظ نے انہیں 29رنز کا آغاز فراہم کیا ، کامران اکمل 9رنزبنا کر پوویلین لوٹے،ساتویں اوور میں محمد نواز نے محمد حفیظ اور بریڈ ہوج کو مسلسل دو گیندوں میں بولڈ کرکے کوئٹہ کی امیدیں بڑھائیں جس کے بعد کوئٹہ کے باؤلرز نے پشاور کے بلے بازوں کے گرد گھیرا تنگ کرنا شروع کردیا ،جونی بیئر سٹو 15اور پشاور کے کپتان شاہد آفریدی 2رنز بنا کر پوویلین لوٹے۔

ڈیرن سیمی نے ذمہ درانہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے 38رنز سکور کیے ، وہ اننگز کے 18ویں اوور میں آؤٹ ہوئے۔ وہاب ریاض نے 22رنز بنا کر پشاور کو جیت کے دہانے پر کھڑا کردیا تاہم وہ 20ویں اوور کی 5ویں گیند پر آؤٹ ہوگئے۔پشاور کو آخری گیند پر میچ جیتنے کے لیے 3رنز درکار تھے تاہم محمد اصغر محض 1رن بنا سکے اور یوں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے سنسنی خیز مقا بلے میں 1رن سے کامیابی حاصل کرکے پاکستان سپر لیگ کے پہلے سیز ن کے فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا ۔

کوئٹہ کی جانب سے نوا ز اور ایلیٹ نے 3،3جبکہ اعزاز چیمہ نے 2اور انور علی نے 1شکار کیا ۔ پشاور کی ٹیم اب کل کراچی اور اسلام آباد کے مابین شیڈول میچ کی فاتح سے اتوار کے تیسرا اور آخری پلے آف کھیلے گی جس کی فاتح ٹیم منگل کے روز کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کیخلاف فائنل کھیلے گی ۔