امریکہ میں پاکستان کے سفیر جلیل عباس جیلانی کا پاکستانی نژاد امریکی سائنس نرگس ماولوالہ کو مکتوب

آسٹرو فزکس کے شعبے میں مثالی کامیابی پر وزیراعظم محمد نواز شریف کی طرف سے مبارکباد کا پیغام پہنچایا

ہفتہ 20 فروری 2016 12:37

واشنگٹن ۔ 20 فروری (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔20 فروری۔2016ء) امریکہ میں پاکستان کے سفیر جلیل عباس جیلانی نے پاکستانی نژاد امریکی سائنس نرگس ماولوالہ کو آسٹرو فزکس کے شعبے میں مثالی کامیابی پر وزیراعظم محمد نواز شریف کی طرف سے مبارکباد کا پیغام پہنچایا۔ وزیراعظم محمد نواز شریف نے نرگس ماولوالہ کو پاکستانی سائنسدانوں اور طلباء کیلئے مشعل راہ قرار دیا ہے۔

نرگس ماولوالہ میساچوسٹس انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی میں آسٹرو فزکس کی سربراہ ہیں اور وہ کشش ثقل کی لہریں دریافت کرنے والی ٹیم کی رکن تھیں۔ ان کی اس دریافت کے نتیجے میں فلکیات کے شعبے میں تاریخی دور کا آغاز ہوا ہے۔ اس کامیابی کے بعد نرگس ماولوالہ نے ریڈیو بوسٹن کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا تھا کہ یہ صرف ایک آغاز ہے ، آنے والے دنوں میں ہمیں کائنات کی ” موسیقی“ کو سننے کے مزید مواقع ملیں گے۔

(جاری ہے)

نرگس ماولوالہ کے نام اپنے مکتوب میں پاکستانی سفیر نے اس امید کا اظہار کیا کہ علم کی دنیا میں ان کی دریافت بنی نوع انسانیت کیلئے فلاح وبہبود کا باعث بنے گی۔ انہوں نے نرگس ماولوالہ کی کامیابیوں کو پاکستانی خواتین کیلئے حوصلہ افزائی کا ایک ذریعہ قرار دیا جو پاکستان میں زندگی کے مختلف شعبوں میں اپنے خوابوں کی تکمیل کیلئے کوشاں ہیں۔

انہوں نے نرگس ماولوالہ کو پاکستان اور پاکستان کے مختلف سائنسی اداروں کے دورے کی دعوت دی تاکہ وہ پاکستانی طلباء وطالبات سے اپنے تجربات شیئر کرسکیں۔ پاکستانی سفارتخانہ نے پروفیسر نرگس ماولوالہ کو سول ایوارڈ کیلئے نامزد کرنے کا عندیہ دیا ہے۔ نرگس ماولوالہ کی کامیابی پر نہ صرف امریکہ میں مقیم پاکستانی کمیونٹی بلکہ پورے پاکستان میں خوشی اور مسرت کا اظہار سامنے آیا ہے۔ واضح رہے کہ 100 برس قبل 20 ویں صدی کے عظیم سائنسدان البرٹ آئن سٹائن کشش ثقل کی لہروں کی موجودگی کا نظریہ پیش کیا تھا تاہم ان کا کہنا تھا کہ ان لہروں کو دریافت کرنا تقریباً ناممکن ہے تاہم سائنسدانوں کی ٹیم جس میں نرگس ماولوالہ بھی شامل تھیں ، نے ان لہروں کو دریافت کرلیا ہے۔