کامران اکمل اور عمر اکمل کے فیصل آباد کے ایک بکی سے رابطے ہیں :سینئر صحافی کا دعوی

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب ہفتہ 20 فروری 2016 12:44

کامران اکمل اور عمر اکمل کے فیصل آباد کے ایک بکی سے رابطے ہیں :سینئر ..

لاہور(اردو پوا ئنٹ تازہ ترین اخبار20فروری- 2016ء) سینئر صحافی رانا عظیم نے دعوی کیا ہے کہ قومی ٹیم کے سابق وکٹ کیپر بلے باز کامران اکمل اور ان کے بھائی عمر اکمل کے بکیز کے ساتھ رابطے ہیں ۔ایک نجی ٹی وی سے گفتگو کے دوران رانا عظیم کا کہنا تھا کہ کامران اکمل اور ان کے چھوٹے بھائی عمر اکمل کے فیصل آباد کے ایک بکی سے قریبی تعلقات ہیں ،ان دونوں کا ٹیلی فون پر رابطہ رہتا ہے اور انہوں نے اس بکی کے کچھ پیسے بھی دینے ہیں ،دونوں بھائیوں نے مال روڈ پر اپنے ڈرائیور کے نام سے ایک کوٹھی بھی لے رکھی ہے اور وہ ایک ڈیفنس کے ایک میں سجنے والی محفلوں میں شریک ہوتے ہیں جہاں کئی مشہور بک میکر بھی موجود ہوتے ہیں ۔

رانا عظیم کا مزید کہنا تھا کہ اگر دونوں بھائی انہیں چیلنج کرنا چاہیں تو وہ ان کی ریکارڈنگ دینے کے لیے بھی تیار ہیں ۔

(جاری ہے)

ان کا مزید کہنا تھا کہ گزشتہ دنوں کراچی کا سب سے بڑا بکی ٹیڈی رینجرز سے مقابلے میں مارا گیا ہے ، کراچی کے علاقے گھاس منڈی میں ایک ہزار سے زائد بکس موجود ہیں ۔رانا عظیم کا کہنا تھا کہ انہوں نے پاکستان سپر لیگ کی کوریج کے لیے دبئی جانے والے بعض صحافیوں کو وہاں موجود کچھ مخصوص کلب چیک کرنے کے لیے کہا ہے کیوں کہ وہا ں رات کو قومی ٹیم کے بعض کھلاڑی بک میکرز سے ملاقاتیں کرتے ہیں ۔

رانا عظیم نے انکشاف کیا کہ دو ہفتے قبل گرفتار ہونے والے لیاری گینگ وار کے سربراہ عذیر بلوچ نے بھی بتایا ہے کہ وہ 8بڑے بک میکر ز کے لیے کام کرتا تھا ۔