لبنان کے لئے سعودی فوجی امداد بند کرنے کا فیصلہ

ہفتہ 20 فروری 2016 12:49

لبنان کے لئے سعودی فوجی امداد بند کرنے کا فیصلہ

ریاض۔ 20 فروری (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔20 فروری۔2016ء) سعودی عرب کے ذمہ دار عہدیدار نے سرکاری خبر رساں ایجنسی 'ایس پی اے' کو بتایا ہے کہ مملکت، لبنانی فوج اور داخلی سلامتی کے اداروں کو اسلحہ فراہمی بند کر دے گی کیونکہ 'بیروت کا حالیہ موقف دونوں ملکوں کے درمیان برادرانہ تعلقات کا عکاس نہیں ہے۔'اسی ذمہ دار عہدیدار نے مزید بتایا کہ ان حقائق کی روشنی میں سعودی عرب نے جمہوریہ لبنان کے ساتھ اپنے تعلقات کا تفصیلی جائزہ لیتے ہوئے درج اقدامات اٹھانے کا فیصلہ کیا ہے سعودی عرب کی جانب سے فرانس کے ذریعے لبنانی فوج کو اربوں ڈالر مالیات کے اسلحے کی فراہمی روک دی جائے۔

لبنان کی داخلی سلامتی کے اداروں کو اربوں ڈالر مالیت کا باقی اسلحہ فراہم نہ کیا جائے۔

(جاری ہے)

ذرائع نے مزید بتایا کہ مملکت سعودی عرب نے حالات کو اس نہج پر نہ لانے کی مقدور بھر کوششیں کیں اور ساتھ ہی لبنانی عوام کے تمام فرقوں کے ساتھ کھڑا رہنا چاہا کیونکہ وہ لبنان کے لئے اپنی امداد جاری رکھنا چاہتا تھا۔ لیکن حالیہ پیدا شدہ صورتحال کے بعد وہ ایسا کرنے کی پوزیشن میں نہیں۔ سعودی عرب کو یقین ہے کہ بیروت کا موجودہ نقطہ نظر برادر لبنانیوں کے موقف کا عکاس نہیں۔سعودی عرب، برادر لبنانی عوام کے ساتھ اپنے منفرد نقطہ نظر پر فخر کا اظہار کرتا ہے اور ہمیشہ انہیں مضبوط کرتے ہوئے مزید ترقی دینے کا خواہاں رہا ہے۔