ترکی کی امریکہ کے زیر استعمال فضائی اڈابند کرنے کی دھمکی۔۔۔طیب اردگان کا اوباما سے ٹیلی فونک رابطہ، ڈیموکریٹک یونین پارٹی کے لیے کسی بھی نئی سپورٹ سے خبردار کیا

ہفتہ 20 فروری 2016 17:40

ترکی کی امریکہ کے زیر استعمال فضائی اڈابند کرنے کی دھمکی۔۔۔طیب اردگان ..

انقرہ(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔20فروری۔2016ء) ترکی کے صدر رجب طیب اردگان نے انجرل کا فوجی اڈہ بند کرنے کی دھمکی دے دی ۔ امریکی فضائیہ کے طیارے شام میں شدت پسندوں کے ٹھکانوں پر بمباری کے لیے یہاں سے اڑان بھرتے ہیں۔میڈیارپورٹس کے مطابق ترکی کے صدر نے امریکیوں اور مغربی دنیا کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے اس بات کا بھی اشارہ دیا کہ شام کے حوالے سے نیٹو کے رکن ممالک کے درمیان گہرے اختلافات موجود ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے ٹیلفونک رابطے میں امریکی صدر باراک اوباما کو ڈیموکریٹک یونین پارٹی کے لیے کسی بھی نئی سپورٹ سے خبردار کیا۔ یہ جماعت شام میں کردوں کے تحفظ کے لیے قائم یونٹوں کا سیاسی ونگ ہے۔ ترکی نے اس جماعت پر کچھ عرصہ قبل انقرہ میں ہونے والے دھماکے میں ملوث ہونے کا الزام لگاتا ہے، اس کارروائی میں 28 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔دوسری جانب ڈیموکریٹک یونین پارٹی خود کے دھماکے میں ملوث ہونے کی تردید کرچکی ہے۔ پارٹی کے مطابق شمال میں اس کے یونٹوں کی پیش قدمی کے نتیجے میں انقرہ حکومت کو یہ اندیشے لاحق ہوگئے ہیں کہ ترکی میں کرد اقلیت علاحدگی کے لیے شدت سے سر اٹھائے گی، اسی وجہ سے وہ شام کے شمال میں لڑائی کو پھیلانے کے لیے اس الزام کو بہانہ بنارہی ہے۔