کراچی میں امن ہوگا تو دیگر لوگوں کے ساتھ پختون قوم بھی پرامن ماحول میں عزت کے ساتھ اپنا روزگار اور ترقی کرینگے ،لالا فضل کریم خان

ہفتہ 20 فروری 2016 18:32

کراچی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔20 فروری۔2016ء ) عوامی نیشنل پارٹی (ولی ) سندھ کے صوبائی صدر لالا فضل کریم خان نے کہا ہے کہ پختونوں کا سب سے بڑا معاشی مرکز کراچی ہے اور جب یہاں امن ہوگا تو دیگر لوگوں کے ساتھ پختون قوم بھی پرامن ماحول میں عزت کے ساتھ اپنا روزگار اور ترقی کرینگے اسی باعث اے این پی ولی پرامن ماحول کے قیام کی خاطر باچا خان کے فلسفہ عدم تشدد پر گامزن ہوکر جدوجہد کررہی ہے اور اسی کڑی میں 28 فروری کو بمقام کراچی پریس کلب میں پروقارانداز میں باچا خان امن کانفرنس کا انعقاد کیا جارہا ہے جس میں اے این پی ولی کی مرکزی قیادت اور ہزاروں کی تعداد میں پارٹی کے ورکرز بھرپور انداز میں شریک ہونگے ، ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز اباسین ہاؤس میں صوبائی میٹنگ میں کیا اس موقع پر پانچوں اضلاع کے صدور بھی موجود تھے اجلا س میں کراچی پریس کلب میں منعقد ہونے والی خان عبد الولی خان ، اجمل خٹک اورخان عبدالغفار خان المعروف با چا خان کی برسی کے حوالے سے امن کانفرنس کے انتظامات اوردیگر معاملات زیر بحث لائے گئے اور ضلعی صدورنے اپنے کارکردگیوں پر روشنی ڈالی ،اجلاس میں فیصلہ کیا کہ باچا خان امن کانفرنس میں شرکت کرنے کے لیے عوامی نیشنل پارٹی ولی کے پانچوں اضلاع کے صدور کی زیر قیادت میں الگ الگ جلوس کی صورت میں شرکت کرینگے ،اس موقع پر سندھ کے سیکریٹری جنرل قاسم جان نے کہا کہ ماضی میں بھی باچا خان اور خان عبدالولی خان کی قیادت میں پارٹی کے حقیقی پیروکاروں نے کراچی میں قیام امن کی خاطر بھرپور کردار ادا کیا ہے جو ریکارڈ پر موجود ہے اور اب شہر کی بدامنی کی صورتحال میں بھی اے این پی ولی اپنا بھرپور کردار ادا کررہی ہیں اور پختونوں کی عزت اور وقار کوبلند کرنے کے لیے فلسفہ عدم تشددکی پر گامزن ہیں،انہوں نے مزید کہا کہ اے این پی ولی پختون قوم کوبے سہارا نہیں چھوڑی گی اور روشن مستقبل کے لیے بھرپور کوشش کرینگی جس طرح ماضی میں ہمارے اکابرین نے کیے تھے ۔