خیبر پختونخواہ کے 23اضلاع میں 356بلدیاتی نشستوں پرضمنی بلدیاتی انتخاب، بدانتظامی بھی زوروں پر رہی، پشاور میں لیڈیز پولنگ سٹاف کھلے عام موبائل فون کا استعمال کرتا رہا، مردان میں پولنگ اسٹیشن میں گھسنے والے مشتبہ شخص پر پولیس نے فائرنگ کر دی،مانسہرہ میں بڑی تعداد میں عورتوں نے ووٹ ڈالے، لوئر دیر میں خواتین کو حق رائے دہی سے محروم رکھا گیا

اتوار 21 فروری 2016 23:57

خیبر پختونخواہ کے 23اضلاع میں 356بلدیاتی نشستوں پرضمنی بلدیاتی انتخاب، ..

پشاور/مانسہرہ / دیر/مردان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 21فروری۔2016ء) خیبر پختونخواہ کے 23اضلاع میں 356بلدیاتی نشستوں پرضمنی بلدیاتی انتخاب کا عمل مکمل ہوگیا انتخاب میں 828امید وار مد مقابل تھے ،اس موقع پر بدانتظامی بھی زوروں پر رہی، پشاور میں لیڈیز پولنگ سٹاف کھلے عام موبائل فون کا استعمال کرتا رہا، مردان میں پولنگ اسٹیشن میں گھسنے والے مشتبہ شخص پر پولیس نے فائرنگ کر دی،پشاور سمیت 12 اضلاع میں دفعہ 144 نافذ رہی،صوبے میں 609 پولنگ اسٹیشنز قائم کئے گئے جن میں 279 کو انتہائی حساس جبکہ 233 کو حساس قرار دیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق اتوار کو خیبر پختونخواہ کے 23اضلاع میں 356بلدیاتی نشستوں پر ضمنی بلدیاتی انتخاب کیلئے ووٹ ڈالے گئے جن پر 828امید وار مد مقابل تھے ،پولنگ صبح 8 بجے شروع ہو کر بغیر کسی وقفے کے5بجے تک جاری رہی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر 4 ہزار سے زائد پولیس ، ایف سی اور لیویز کے اہلکار تعینات کیے گئے جب کہ ہنگامی صورت حال میں پاک فوج کے جوانوں کو تیار رہنے کی ہدایت کی گئی تھی۔

کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لئے ایف سی بھی الرٹ رہی۔ مالاکنڈ ڈویژن میں لیویز کے جوانوں نے بھی فرائض انجام دیئے۔ پشاور سمیت 12 اضلاع میں دفعہ 144 نافذ رہی،صوبے میں 609 پولنگ اسٹیشنز قائم کئے گئے جن میں 279 کو انتہائی حساس جبکہ 233 کو حساس قرار دیا گیا تھا۔ مجموعی طور پر 6لاکھ 93ہزار 502ووٹرز رجسٹرڈ ہیں ۔ 574نشستوں پر امیدوار بلامقابلہ منتخب ہو چکے ہیں ۔

مانسہرہ میں بڑی تعداد میں عورتوں نے ووٹ ڈالے جبکہ لوئر دیر میں خواتین کو حق رائے دہی سے محروم رکھا گیا ۔پشاور میں پانچ ویلج کونسلوں کی6 نشستوں کے غیر سرکاری غیر حتمی نتائج کے مطابق ویلج کونسل غریب آباد کی خواتین کی نشست پر زہرہ بی بی 130ووٹ لیکر کامیاب ہو گئیں ۔ ولیج کونسل معروف زئی سے اسد احمد 489ووٹ لیکر کامیاب ہو گئے ۔ ولیج کونسل چاجو کی 2نشستوں پر مراد علی اور نیازز محمد جیت گئے ۔

مراد علی نے 338اور نیاز محمد نے 314ووٹ لئے ۔ ویلج کونسل ٹوکر خیل سے ابن امین 892ووٹ لیکر کامیاب ہو گئے ۔ ویلج کونسل گلشن آباد سے زرولی 492لیکر کامیاب ہو گئے ۔ خیبر پختونخوا کے ضمنی بلدیاتی الیکشن کے موقع پر بدانتظامی کے کئی واقعات دیکھنے میں آئے۔ پشاور کے وارڈ 39 غریب آباد کے پولنگ اسٹیشن میں خاتون پریذائیڈنگ افیسر اور اسسٹنٹ پریذائیڈنگ افیسر کھلے عام موبائل فون پر گپ شپ میں مصروف رہیں۔

ٹانک میں پولنگ اسٹیشن نمبر 12 میں مشتبہ شخص نے زبردستی اندر گھسنے کی کوشش کی تو پولیس نے فائرنگ کر دی، جس سے مشتبہ شخص زخمی ہو گیا۔ ادھر مردان میں خواتین کے پولنگ اسٹیشن عید گاہ پر پولنگ شروع ہونے کے تین گھنٹے بعد پہلی خاتون کا ووٹ کاسٹ ہو سکا۔ ضمنی بلدیاتی انتخاب میں 188جنرل نشستوں کے لیے 443امید وار جبکہ خواتین کی 120نشستوں پر 200امید وار وں نے حصہ لیا۔

مزدورکسان کی 17نشستوں پر 56جبکہ نوجوانوں کی 14نشستوں پر 47امید وارمد مقابل تھے۔پشاورکی5ولیج کونسلوں کی6خالی نشستوں کے لیے15امیدوارمدمقابل تھے جبکہ139ولیج اورنیبرہڈکونسلوں کی341نشستوں کے لیے750امیدوارمیدان میں تھے۔الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری بیان کے مطابق بنوں کی7یونین کونسلوں میں 7ولیج کونسل کی نشست پر33امیدوار،بیزن خیل میں تحصیل کونسل کی نشست پر6امیدواروں میں مقابلہ تھا۔سوات کی6یونین کونسلوں میں انتخابات ہوئے جس کیلئے 347 نشستوں کیلئے صرف 107 امیدوار میدان میں آئے تاہم سوات میں خواتین اور اقلیتوں کی 240 نشستیں ایک بار پھرخالی رہ گئیں۔ ٹانک میں ضمنی الیکشن کیلئے 15 پولنگ اسٹیشن قائم کیے گئے۔نوشہرہ میں 5 نشستوں پر15امیدوار میدان میں آئے۔