شام:حمص اور دمشق میں بم دھماکے 140 افراد ہلاک اور180سے زائدزخمی ہو گئے

Mian Nadeem میاں محمد ندیم پیر 22 فروری 2016 09:52

شام:حمص اور دمشق میں بم دھماکے 140 افراد ہلاک اور180سے زائدزخمی ہو گئے

دمشق(ا ردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔22فروری۔2016ء) شام کے شہروںحمص اور دمشق میں بم دھماکوں میں 140 افراد ہلاک اور180سے زائدزخمی ہو گئے ہیں۔سرکاری ذرائع ابلاغ اور انسانی حقوق کی تنظیم سیرین آبزرویٹری فار ہیومن رائٹس کے مطابق حمص میں دو کار بم دھماکوں میں 57 افراد ہلاک ہو ئے ہیں جبکہ دمشق کے نواحی علاقے سیدہ زینب میں چار بم دھماکوں میں 83 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔

دھماکوں میں ہلاک ہونے والے افراد میں سے اکثریت عام شہریوں کی تھی شدت پسند تنظیم دولتِ اسلامیہ نے ان بم دھماکوں کی ذمہ داری تسلیم کی ہے۔ حال ہی میں سرکاری افواج کے کنٹرول میں آنے والے شہر حمص کا شمار ان علاقوں میں ہوتا ہے جہاں 2011 میں صدر بشار الاسد کی حکومت کے خلاف سب سے پہلے تحریک کا آغاز ہوا تھا۔

(جاری ہے)

بم دھماکوں میں شہر کے اس علاقے کو نشانہ بنایا گیا ہے جہاں صدر بشار السد کے فرقے ’علوی‘ سے تعلق رکھنے والے لوگ رہتے ہیں۔

اس علاقے کو ماضی میں بھی شدت پسند گروہ دولتِ اسلامیہ نشانہ بناتا رہا ہے۔سیرین آبزویٹری فار ہیومن رائٹس کے بقول ان دھماکوں میں بڑی تعداد میں لوگ زخمی ہوئے ہیں جس کے باعث ہلاکتوں کی تعداد میں اضافہ بھی ہو سکتا ہے۔سیرین آبزرویٹری فار ہیومن رائٹس کے مطابق سیدہ زینب کے مزار کے قریب ایک کار بم دھماکہ ہوا جس کے بعد دو خود کش حملہ آوروں نے خود کو دھماکے سے اڑالیا۔

سرکاری ٹی وی کے مطابق دھماکے ایک مقامی اسکول کے نزدیک اس وقت ہوئے جب طلبہ اپنے گھروں کو لوٹ رہے تھے۔ سرکاری ٹی وی نے دعویٰ کیا ہے کہ دھماکوں میں ہلاک اور زخمی ہونے والوں میں اسکول کے کئی طلبہ بھی شامل ہیں۔دمشق میں ہونے والے حملوں سے چند گھنٹے قبل شام کے وسطی شہر حمص میں دو کار بم دھماکے ہوئے تھے جن میں کم از کم 57 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔خیال رہے کہ شام میں پانچ برس سے جاری لڑائی میں اب تک 250,000 سے زیادہ افراد ہلاک اور تقریباً ایک کروڑ 20 لاکھ نقل مکانی پر مجبور ہو چکے ہیں۔

شام:حمص اور دمشق میں بم دھماکے 140 افراد ہلاک اور180سے زائدزخمی ہو گئے

متعلقہ عنوان :