Live Updates

عمران خان 24فروری کو آزاد کشمیر کی تاریخ کے بڑے جلسے سے خطاب کریں گے،مسئلہ کشمیر بارے پارٹی پالیسی کا اعلان کریں گے‘ آزاد کشمیر میں آئندہ حکومت تحریک انصاف بنائے گی‘ عوام نے (ن) لیگ اور پیپلز پارٹی کی مک مکا کی سیاست مسترد کردی ‘ آزاد کشمیر کے آئندہ انتخابات میں کسی پارٹی سے اتحاد نہیں کریں گے،بعض حلقوں میں سیٹ ایڈجسٹمنٹ کی جاسکتی ہے‘ پیپلز پارٹی سے اتحاد کا سوال ہی پیدا نہیں ہوسکتا ، نئے کشمیر میں کرپشن کے لئے کوئی جگہ نہیں ہوگی‘ چیف الیکشن کمشنر پر اعتماد ہے ،نئے انتخابات نادرا کی نئی فہرستوں پر کرائے جائیں‘ انتخابات فوج کی نگرانی میں ہونے چاہئیں ، ان کی شفافیت یقینی بنانے کے لئے یورپی یونین کو بطور مبصر مدعو کیا جانا چاہئے

تحریک انصاف آزاد کشمیر کے صدر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کا پریس کانفرنس سے خطاب

پیر 22 فروری 2016 16:23

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔22 فروری۔2016ء) تحریک انصاف آزاد کشمیر کے صدر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ عمران خان 24فروری کو آزاد کشمیر کی تاریخ کے سب سے بڑے جلسے سے خطاب کریں گے اور مسئلہ کشمیر بارے پارٹی پالیسی کا اعلان کریں گے‘ آزاد کشمیر میں آئندہ حکومت تحریک انصاف بنائے گی‘ عوام نے (ن) لیگ اور پیپلز پارٹی کی مک مکا کی سیاست مسترد کردی ہے‘ آزاد کشمیر کے آئندہ انتخابات میں کسی پارٹی سے اتحاد نہیں کریں گے البتہ بعض حلقوں میں سیٹ ایڈجسٹمنٹ کی جاسکتی ہے‘ پیپلز پارٹی سے اتحاد کا سوال ہی پیدا نہیں ہوسکتا کیونکہ نئے کشمیر میں کرپشن کے لئے کوئی جگہ نہیں ہوگی‘ چیف الیکشن کمشنر پر اعتماد ہے نئے انتخابات نادرا کی نئی فہرستوں پر کرائے جائیں‘ انتخابات فوج کی نگرانی میں ہونے چاہئیں اور ان کی شفافیت یقینی بنانے کے لئے یورپی یونین کو بطور مبصر مدعو کیا جانا چاہئے۔

(جاری ہے)

وہ پیر کو یہاں مقامی ہوتل میں پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے اس موقع پر کوٹلی سے تعلق رکھنے والے ملک عادل نے تحریک انصاف جوائن کرنے کا اعلان کیا بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ آزاد کشمیر میں مستقبل تحریک انصاف کا ہے عوام نے (ن) لیگ اور پیپلز پارٹی کی نورا کشتی اور مک مکا کی سیاست کو مسترد کردیا ہے مسلم کانفرنس یاد ماضی بن چکی اب پی ٹی آئی کو برسراقتدار آنے سے کوئی نہیں روک سکتا۔

(ن) لیگ اور پیپلز پارٹی کے مک مکا کو عوام نے میرپور کے ضمنی انتخابات میں بھی مجھے کامیاب کروا کر اور ان کے مشترکہ امیدوار کو ہرا کر مسترد کیا تھا۔ تحریک انصاف کے امیدوار دیوان محی الدین کے جیت جانے کے خوف سے لاہور میں شہباز شریف مہاجرین کی نشست پر چار سال سے انتخابات نہیں ہونے دے رہے انہوں نے کہا کہ عمران کا وژن لوٹ مار اور کرپشن کا خاتمہ ہے اس لئے آزاد کشمیر کے انتخابات میں کسی سے اتحاد نہیں کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارا مطالبہ ہے کہ آزاد کشمیر کے انتخابات فوج کی نگرانی میں کرائے جائیں اور ان کی شفافیت کو یقینی بنانے کے لئے یورپی یونین کے مبصرین کو مدعو کیا جائے آزاد کشمیر کے انتخابات اس قدر شفاف ہونے چاہئیں کہ ان کا موازنہ مقبوضہ کشمیر کے انتخابات سے کرکے کہہ سکیں کہ آزاد کشمیر میں جمہوریت اور مقبوضہ کشمیر میں بھارت کا قبضہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم جاگیرداروں سمیت کسی طبقے کے خلاف نہیں اچھے لوگ ہر طبقے میں موجود ہیں نادرا پر اعتماد ہے وہ موبائل ٹیمیں فراہم کرے تاکہ نئی انتخابی فہرستیں بنائی جاسکیں آزاد کشمیر کی حکومت کی مدت 25 مئی کو ختم ہوجائے گی اور آئین کے تحت 24 جولائی سے قبل انتخابات ضروری ہیں پیپلز پارٹی کے متعدد ارکان پی ٹی آئی جوائن کرنا چاہتے ہیں مگر انتخابی شیڈول اعلان ہونے کے بعد لوگوں کو پارٹی میں شامل کریں گے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ شامل ہر کوئی ہوسکتا ہے مگر ٹکٹ صرف کلین لوگوں کو ملیں گی۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات