کسی کے خلاف صرف ٹیلی فون نمبروں کی بنیاد پر پٹھان کوٹ واقعے کا مقدمہ درج نہیں کیاجاسکتا ٗسرتاج عزیز

پاکستان میں پٹھان کوٹ واقعہ کا مقدمہ درج کرنا حکومت کے لئے کوئی مشکل کام نہیں تھا ٗ مشیر خارجہ

پیر 22 فروری 2016 20:05

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔22 فروری۔2016ء) وزیر اعظم کے مشیر برائے خارجہ سرتاج عزیز نے کہا ہے کہ کسی کے خلاف صرف ٹیلی فون نمبروں کی بنیاد پر پٹھان کوٹ واقعے کا مقدمہ درج نہیں کیاجاسکتا۔سیمینار سے خطاب کے دوران وزیر اعظم کے مشیر برائے خارجہ امور نے کہا کہ پاکستان میں پٹھان کوٹ واقعہ کا مقدمہ درج کرنا حکومت کے لئے کوئی مشکل کام نہیں تھا۔

سرحد پار ہونے والے کسی بھی جرم کی تفتیش میں کئی قانونی پیچیدگیاں ہوتی ہیں اس میں جرم کے شواہد اور مقام کی تفصیل بھی نہیں ہوتی ٗیہی قانونی پیچیدگیاں پٹھان کوٹ واقعہ کا مقدمہ درج کرنے میں تاخیر کی وجہ بنیں۔

(جاری ہے)

سرتاج عزیز نے کہا کہ پاکستان بھارت کے ساتھ اچھے تعلقات کا خواہاں ہے اور پٹھان کوٹ حملے کے مقدمے کا اندراج اس کا منہ بولتا ثبوت ہے ٗمقدمے کا اندراج تفتیش میں پہلا قدم ہے اور مزید پیشرفت کیلئے بھارت کی جانب سے مزید شواہد درکار ہیں ٗ ابھی تک ہمیں پٹھان کوٹ واقعہ میں ہلاک دہشت گردوں کی شناخت بھی معلوم نہیں ٗٹیلی فون نمبرز کی بنیاد پر کسی کا نام ایف آئی آر میں درج نہیں کیا جاسکتا ٗاس حوالے سے ہماری ٹیم بھارت جائے گی اور جائے وقوعہ کا دورہ کرے گی، جس کے بعد ہی اس پر مزید پیش رفت ہوسکتی ہے اور اس دوران واقعہ کے ذمہ داروں کے نام سامنے آ سکتے ہیں۔