وزیراعظم نے نیب کو کرپشن کے خلاف کام سے نہیں، لوگوں کو بلاوجہ تنگ کرنے سے روکا ، نوازشریف نے ہمیشہ صوبوں اور تمام سیاسی جماعتوں سے مشاورت کے بعد متفقہ فیصلے کئے،بعض پارٹیوں کے سربراہان بھی کرپشن میں ملوث ہیں،مردم شماری ملتوی نہیں ہو گی ، مختلف مراحل میں ہو سکتی ہے

وفاقی وزیر بین الصوبائی رابطہ ریاض پیرزادہ کی پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو

پیر 22 فروری 2016 20:40

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔22 فروری۔2016ء) وفاقی وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ ریاض حسین پیرزادہ نے کہا ہے کہ وزیراعظم نے نیب کو کرپشن کے خلاف کام کرنے سے نہیں روکا بلکہ بلاوجہ لوگوں کو تنگ نہ کرنے کا کہا، نیب نے وزیراعظم کے مشورہ پر عمل کرنے کا کہا ہے، وزیراعظم نے ہمیشہ صوبوں اور تمام سیاسی جماعتوں سے مشاورت کے بعد متفقہ فیصلے کئے، مردم شماری ملتوی نہیں ہو گی ، البتہ مختلف مراحل میں ہو سکتی ہے، کرپشن کے خلاف کارروائی ضروری ہے، بعض پارٹیوں کے سربراہان بھی کرپشن میں ملوث ہیں۔

پیر کو پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ریاض حسین پیرزادہ نے کہا کہ صوبوں کو ہر بات پر مرکز کے حوالے سے تحفظات کا اظہار نہیں کرنا چاہیے کہ وہ ان کے ساتھ بے ایمانی کرے گا۔

(جاری ہے)

ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے نیب کو بلاوجہ لوگوں کو تنگ نہ کرنے کا کہا اور کاروباری لوگوں کو تنگ نہ کریں، نیب میں غیر سنجیدہ تحقیقاتی افسران سفارش پر تھرتی کئے گئے تھے جو لوگوں کو بلیک میل کرتے تھے اور نیب کے موجودہ سربراہ نے ایسے 22لوگوں کو نکالا ہے، کرپشن کے خلاف کارروائی ضروری ہے، کرپشن جب بڑھتی ہے تو دہشت گردی میں اضافہ ہوتا ہے، نیب کو جرائم پیشہ افراد کے خلاف کارروائی کرنی چاہیے، وزیراعظم صوبوں کو ساتھ لے کر چل رہے ہیں، جب حکومتیں اپنے اختیارات سے تجاوز کرتی ہیں تو تحفظات پیدا ہوتے ہیں