اسلام آباد کی تعمیرو ترقی کو نئی جہت دینگے،عوامی مسائل ان کی دہلیز پر حل کرینگے،ڈپٹی مئیر حاجی محمد اعظم

پیر 22 فروری 2016 21:54

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔22 فروری۔2016ء) اسلام آباد میٹرو پولیٹن کے پہلے ڈپٹی مئیر حاجی محمد اعظم نے کہا ہے کہ وفاقی دارالحکومت کی پہلی منتخب میٹروپولیٹن عوامی حکومت نہ صرف ہمارے لئے بلکہ مسلم لیگ ن کی پوری قیادت کیلئے ایک چیلنج اور امتحان ہے جس میں سرخرو ہونے کیلئے ہم حقیقی عوامی مشاورت کا نظام وضع کرکے اسلام آباد شہر اور دیہی علاقوں کی تعمیر و ترقی کو نئی جہت دیں گے جس کی مثال انشاء اﷲ ترقی یافتہ ممالک بھی دیا کریں گے ․ وزیر اعظم نواز شریف کے ویژن کے مطابق وفاقی دارالحکومت کے باسی ایک ایسے نظام سے متعارف ہونگے جو عین اسلامی تعلیمات کا نمونہ ہوگا اور عوام اپنے مسائل خود حل کرنے کے ذمہ دار ہونگے ․ انہوں نے یہ بات اپنے دفتر میں مختلف یونین کونسلوں سے آئے ہوئے وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کہی ․ حاجی محمد اعظم نے کہا کہ اسلام آباد کی پہلی منتخب میٹرو پولیٹن عوامی حکومت سی ڈی اے اور دیگر ترقیاتی اداروں کی ورکنگ سے قطع نظر عوام کو اقتدار میں شریک کرکے صحیح معنوں میں جمہوریت کے ثمرات عوام تک پہنچائے گی اور اسلام آباد کے شہری و دیہی علاقوں میں عوام کے مسائل ان کی دہلیز پر حل ہونگے ․ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نواز شریف کا ویژن ہے کہ میٹرو پولیٹن حکومت جمہوریت کی ایک ایسی مثال بنے جس کا ابھی تک پاکستان میں تجربہ نہیں کیا گیا ․ عوامی مسائل کے آسان حل کے ساتھ ساتھ وفاقی دارالحکومت کو اس کے شایان شان ترقی دینے کیلئے بھی متعدد نئے منصوبے شروع کئے جائیں گے ․انہوں نے مزید کہا کہ میٹرو پولیٹن حکومت میں شامل لوگ بطور مئیر ، ڈپٹی مئیر وغیرہ کے کسی امتیاز کے حامل نہیں بلکہ حقیقی معنوں میں عوامی خدمت گار ہونگے اور جتنا بڑا کسی کے پاس عہدہ ہوگا وہ اتنا ہی بڑا ذمہ دار اور عوام کو جوابدہ بھی ہوگا ۔

(م م)

متعلقہ عنوان :