ویوین رچرڈز نے قومی ٹیم کی حوصلہ افزائی کے لئے 80 ہزار ڈالرز مانگ لئے

ویوین رچرڈز معاوضے پر نظر ثانی کریں تو تقرری ہوسکتی ہے ، پی سی بی

منگل 23 فروری 2016 12:15

ویوین رچرڈز نے قومی ٹیم کی حوصلہ افزائی کے لئے 80 ہزار ڈالرز مانگ لئے

دبئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔23 فروری۔2016ء) پاکستان سپر لیگ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے نگران کوچ ویوین رچرڈز نے ٹیم کی حوصلہ افزائی کے 80 ہزار ڈالرز مانگ کر پی سی بی کو حیران کر دیا ، سر ویوین رچرڈز سے بطور مینٹور قومی ٹیم کے لیے خدمات کا معاملہ کھٹائی میں پڑ گیا۔پاکستان کرکٹ بورڈ ذرائع کے مطابق پی ایس ایل میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے نگران کوچ سر ویوین رچرڈز نے تین ہفتوں کے لیے ٹیم کی حوصلہ افزائی کے اسی ہزار ڈالرز مانگ لیے۔

(جاری ہے)

جبکہ پی سی بی ذرائع کا کہنا ہے کہ تین ہفتوں کے تیس سے چالیس ہزار ڈالر مناسب معاوضہ ہے۔ پی سی بی ورلڈ ٹی 20 کے لیے رچرڈز کی مینٹور کی حیثیت سے خدمات حاصل کرنا چاہتا تھا لیکن اب یہ معاملہ کھٹائی میں پڑ گیا ہے۔ پی سی بی کو توقع تھی کہ تیس سے چالیس ہزار ڈالرز میں معاہدہ ہو جائے گا۔ذرائع کے مطابق بھاری معاوضے کی وجہ سے پی سی بی نے رچرڈز کی تقرری کا ارادہ ترک کر دیا ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ ذرائع کا کہنا ہے کہ رچرڈز کو اب بھی پیشکش ہے اگر وہ معاوضے پر نظر ثانی کریں تو فوری تقرری کی جا سکتی ہے۔