پاک ایران تعلقات کو مزید مضبوط بنیادوں پر استوار کرنا ہوگا، ایران پر پابندیوں کے خاتمے سے دونوں ملکوں مابین معاشی و تجارتی تعلقات مستحکم ہونگے، پاکستان اور ازبکستان مابین مختلف شعبوں میں خوشگوار تعلقات ہیں

سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کی ایران اور ازبکستان کے سفیروں سے الگ الگ ملاقاتوں میں گفتگو

منگل 23 فروری 2016 21:46

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔23 فروری۔2016ء) سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ علاقائی امن و سلامتی کے لئے پاک ایران تعلقات کو مزید مضبوط بنیادوں پر استوار کرنا ہوگا، ایران پر عائد پابندیوں کے خاتمے سے دونوں ملکوں کے مابین معاشی و تجارتی تعلقات مستحکم ہونگے، پاکستان میں توانائی کے بحران کو کم کرنے میں ا یران پاکستان کو معاونت فراہم کر سکتا ہے، پاکستان اور ازبکستان کے مابین تجارت، معیشت اور ثقافت سمیت مختلف شعبوں میں خوشگوار تعلقات ہیں۔

منگل کو ایران اور ازبکستان کے سفراء نے سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد میں علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کیں۔ملاقاتوں میں پارلیمانی روابط میں اضافے اور معاشی تعلقات میں بہتری سمیت دو طرفہ دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

(جاری ہے)

ایران کے سفیر مہدی ہونردوست سے گفتگو کرتے ہوئے سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ علاقائی امن و سلامتی کے لئے پاک ایران تعلقات کو مزید مضبوط بنیادوں پر استوار کرنا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ ایران پر عائد پابندیوں کے خاتمے سے دونوں ملکوں کے مابین معاشی و تجارتی تعلقات مستحکم ہونگے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں توانائی کے بحران کو کم کرنے میں ا یران پاکستان کو معاونت فراہم کر سکتا ہے۔ سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ پاکستان اور ایران کے مابین کثیر الجہتی تعلقات ہیں ۔ایران کی جغرافیائی اہمیت پر گفتگو کرتے ہوئے سردار ایاز صادق نے کہا کہ مسلم دنیا میں اتحاد و یکجہتی کے لئے ایران اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔

انہوں نے اس حوالے سے پارلیمانی سفارتکاری کو مزید فعال بنانے پر زور دیا۔سپیکر قومی اسمبلی نے حال ہی میں بغداد میں منعقد ہونے والی پارلیمانی یونین برائے اسلامی ممالک کی کانفرس میں ایران کے کردار کو سراہا۔ایرانی سفیر مہدی ہونر دوست نے ایران پر عائد پابندیوں کے خاتمے پر پاکستانی قیادت کا شکریہ ادا کیا۔انہوں نے کہا کہ اس اقدام سے دونوں ممالک کے مابین تجارتی و معاشی شعبوں میں باہمی تعاون کو فروغ حاصل ہوگا۔

انہوں نے سپیکر قومی اسمبلی کو یقین دلایا کہ ایران توانائی کے بحران میں کمی کے لئے پاکستان کی ہر ممکن مدد کریگا ۔ انہوں نے کہا کہ ایران پاکستان کی جانب سے مسلم امہ کے اتحاد کے لئے کی جانے والی کوششوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور اس حوالے سے حالیہ دنوں میں تہران اور ریاض کے مابین شٹل ڈپلومیسی قابل تحسین ہے۔ازبکستان کے سفیرفرکت صدیکووسے گفتگو کرتے ہوئے سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ پاکستان اور ازبکستان کے مابین تجارت، معیشت اور ثقافت سمیت مختلف شعبہ جات میں خوشگوار تعلقات ہیں۔

دونوں ممالک کے مابین تاریخی و مذہبی بنیادوں پر قائم تعلقات کا حوالہ دیتے ہوئے سردار ایاز صادق نے کہا کہ علاقائی ترقی و خوشحالی کے فروغ کے لئے دونوں برادر ممالک یکساں کوشاں ہیں۔ازبک سفیرفرکت صدیکوو نے سپیکر قومی اسمبلی سے اتفاق کرتے ہوئے کہا کہ ازبکستا ن پاکستان کے ساتھ پارلیمانی تعلقات کے فروغ کا خواہاں ہے۔انہوں نے دونوں ممالک کے مابین تجارت اور کامرس کو بڑھانے کی ضرورت کو بھی اجاگر کیا۔