وزیراعظم کا بیان نیب کے خلاف عداوت نہیں ، احتساب کے نام پر دھمکانے کا عمل نہیں ہونا چاہیے،رانا مشہود پر کیس میں کھلی انکوائری کا کہا تھا ، پچھلے ادوار میں اربوں روپے کی کرپشن ہوئی ، ان کے خلاف نیب نے کیوں کارروائی نہیں کی، چینی بنک نے اورنج لائن منصوبے کیلئے قرضہ جاری کر دیا ہے،منصوبے کے خلاف درخواستوں پر قانونی طریقے سے جواب دیں گے

وزیر اعلیٰ پنجاب شہبازشریف کی نجی ٹی وی چینل سے گفتگو

منگل 23 فروری 2016 22:34

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔23 فروری۔2016ء) وزیر اعلیٰ پنجاب شہبازشریف نے کہا ہے کہ وزیراعظم نواز شریف کا بیان نیب کے خلاف عداوت نہیں ، چین کے بینک نے اورنج لائن منصوبے کیلئے قرض جاری کر دیا ہے،رانا مشہود پر کیس میں نیب کو کھلی انکوائری کا کہا تھا، احتساب کے نام پر دھمکانے کا عمل نہیں ہونا چاہیے، پچھلے ادوار میں اربوں روپے کی کرپشن ہوئی اور لوگوں نے لوٹ مار کے ریکارڈ بنائے ان کے خلاف نیب نے کیوں کارروائی نہیں کی۔

وہ منگل کو نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کر رہے تھے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے کہا کہ چین کے بینک نے اورنج لائن ٹرین منصوبے کیلئے قرضہ جاری کر دیا ہے،اس منصوبے کا مذاق اڑانے والے غریبوں کا مذاق اڑا رہے ہیں،اورنج لائن منصوبے کے خلاف درخواستوں پر قانونی طریقے سے جواب دیں گے، درخواست گزار کو سننا عدالت کا اختیار ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نواز شریف کا بیان نیب کے خلاف عداوت نہیں ہے، نیب نے جب بھی پنجاب میں کارروائی کی ان کو کسی نے بھی نہیں روکا،ایل ڈی اے کیس میں ہم نے نیب سے مکمل تعاون کیا۔

شہباز شریف نے کہا کہ پنجاب کی دم پر پاؤں رکھنے کے بیانات افسوسناک ہیں،نیب میرے خلاف ایک روپے کی کرپشن ثابت کر دے تو میں سزا بھگتنے کیلئے تیار ہوں، ہم نے تورانا مشہود پر کیس میں بھی نیب کو کھلی انکوائری کا کہا تھا۔ انہوں نے کہا کہ اورنج لائن منصوبے میں کرپشن ہوئی تو احتساب کیلئے ہوں، مگر احتساب کے نام پر دھمکانے کا عمل نہیں ہونا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ پچھلے ادوار میں اربوں روپے کی کرپشن ہوئی اور لوگوں نے لوٹ مار کے ریکارڈ بنائے، ان کے خلاف نیب نے کیوں کارروائی نہیں کی