پاکستان سپر لیگ کا پہلا سیزن اسلام آباد یونائیٹڈ کے نام ، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 6وکٹوں سے شکست دی

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب بدھ 24 فروری 2016 00:25

پاکستان سپر لیگ کا پہلا سیزن اسلام آباد یونائیٹڈ کے نام ، کوئٹہ گلیڈی ..

دبئی(اردو پوا ئنٹ تازہ ترین اخبار23فروری- 2016ء) اسلام آباد یونائیٹڈ نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 6وکٹوں سے شکست دے کر پاکستان سپر لیگ کے پہلے ایڈیشن کا فائنل اپنے نام کر لیا ہے ۔ دبئی انٹر نیشنل کرکٹ سٹیڈیم جاری میچ میں کوئٹہ کا کا آغاز اچھا نہیں تھا اور اوپنر بسم اللہ خان بغیر کوئی رن بنائے پہلے اوور میں محمد عرفان کی گیند پر وکٹوں کے پیچھے کیچ آؤٹ ہوگئے ۔

کیون پیٹرسن بھی بڑے میچ میں کچھ خاص نہ کر پائے اور 18رنز بنا کرپوویلین لوٹے ۔ اس موقع پر کمار سنگاکارا نے احمد شہزاد کے ساتھ ملکر تیسری وکٹ کیلئے 87رنز جوڑے ۔ سنگاکارا 55رنز بنا کر پوویلین لوٹے۔ احمد شہزاد بھی 64رنز کی شاندار اننگز کھیلنے کے بعد آؤٹ ہوئے ۔ محمد نواز 7،کپتان سرفراز احمد 3جبکہ انور علی 13رن بنا کر پوویلین لوٹے۔

(جاری ہے)

گرانٹ ایلیٹ 12کیساتھ ناٹ آؤٹ رہے اور کوئٹہ نے مقررہ 20اوورز میں 7وکٹیں کھو کر 174رنز سکور کیے ۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے آندرے رسل نے 3،عرفان نے 2جبکہ بدری اور سمیع نے 1،1کھلاڑی آؤٹ کیا ۔ 175رنز کے تعاقب میں اسلام آباد نے شاندا رآغاز کیا اور 54رنز کی افتتاحی پارٹنر شپ بنی ، شرجیل خان 13رنز بناکر آؤٹ ہوئے جس کے بعد بریڈ ہیڈ ن نے ڈووین سمتھ کے ساتھ ملکر دوسری وکٹ کیلئے 85رنز جوڑے ، سمتھ 73رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ رسل 7اور خالد لطیف 16رنزبنا ک آؤٹ ہوئے ۔ ہیڈن 61اور مصباح 1رن کیساتھ ناٹ آؤٹ رہے اور اسلام آباد یونائیٹڈ نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 6وکٹوں سے ہرا کر پاکستان سپرلیگ کا پہلا ایڈیشن اپنے نام کرلیا ۔ کوئٹہ کی جانب سے بابر ، چیمہ ، میکولم اور انور علی نے 1،1شکار کیا ۔