آرمی چیف جنرل راحیل شریف کا شمالی وزیرستان کی وادی شوال کا دورہ ، دہشت گردوں کے خلاف آپریشن حتمی مراحل میں داخل کرنے کی ہدایت’آپریشن ضرب عضب کے آخری مراحل پر عملدرآمد کے لیے تیار ہیں۔ آرمی چیف جنرل راحیل شریف

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین بدھ 24 فروری 2016 14:41

آرمی چیف جنرل راحیل شریف کا شمالی وزیرستان  کی وادی شوال کا دورہ ، دہشت ..

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 24 فروری 2016ء) : آرمی چیف جنرل راحیل شریف شمالی وزیرستان کی وادی شوال کے دورہ پر موجود ہیں۔ آئی ایس پی آر کے مطابق وادی شوال کے دورہ پر آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں کے خلاف جاری آپریشن کا جائزہ لیا، انہوں نے دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کا حتمی مرحلہ شروع کرنے کی ہدایت کر دی ۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے بتایا کہ آرمی چیف نے آپریشن میں حصہ لینے والے جوانوں سے ملاقات کی ، دورے کے دوران آرمی چیف کو دتہ خیل اور وادی شوال میں جاری آپریشن میں اب تک کی حاصل ہونے والی کامیابیوں پر بھی بریف کیا گیا ۔ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ مقامی آبادی دہشت گردوں سے مکمل نجات چاہتی ہے، شوال میں دہشت گردوں کے لیے مقامی لوگوں کی حمایت کو مکمل طور پر ختم کر دیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

آرمی چیف جنرل راحیل شریف کا کہنا تھا کہ وادی شوال اور ملحقہ علاقوں میں دہشت گردوں کا مکمل خاتمہ کیا جائے، یہ علاقے دہشتگردوں کی آماجگاہیں ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کی باقیات کو ختم کرنے سمیت دہشت گردوں کی پناگاہیں بھی تباہ کی جائیں، آرمی چیف کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کے حتمی مراحل آخری پر عملدر آمد کے لیے تیار ہیں۔ ہم قوم سے کیا ہوا اپنا وعدہ پورا کریں گے،پاک فوج کے جوان اور افسران بھی اپنا کام جلد از جلد مکمل کرنے کے لیے نہایت پر عزم ہیں، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاک فوج کے جوانوں کی قربانیوں کو رائیگاں نہیں جانے دیا جائے گا۔ انہوں نے ہدایت کی دہشت گردوں کو تنہا کر کے ملک میں ان کے سہولت کاروں سے رابطے ختم کیے جائیں۔